اگر فوجی طاقت کے استعمال کی دھمکیوں کا سلسلہ جاری رہا تو تہران آیندہ جوہری مذاکرات میں حصہ نہیں لے گا، دھمکیوں کے سائے میں بڑی طاقتوں کے ساتھ جوہری بات چیت کا انعقاد ناقابل قبول ہے،ہماری قوم اس کو قبول نہیں کرے گی اور فوجی دھمکیوں سے مذاکرات میں کوئی مدد بھی نہیں ملے گی،ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کا بیان

بدھ 6 مئی 2015 23:34

اگر فوجی طاقت کے استعمال کی دھمکیوں کا سلسلہ جاری رہا تو تہران آیندہ ..

تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔6 مئی۔2015ء) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوجی طاقت کے استعمال کی دھمکیوں کا سلسلہ جاری رہا تو تہران آیندہ جوہری مذاکرات میں حصہ نہیں لے گا۔ایرانی میڈیا کے مطابق ایک بیان میںآ یت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ دھمکیوں کے سائے میں بڑی طاقتوں کے ساتھ جوہری بات چیت کا انعقاد ایران کے لیے ناقابل قبول ہے۔

ہماری قوم اس کو قبول نہیں کرے گی اور فوجی دھمکیوں سے مذاکرات میں کوئی مدد بھی نہیں ملے گی۔خامنہ ای نے اپنے اس بیان میں یہ انکشاف کیا ہے کہ حال ہی میں دو امریکی عہدے داروں نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی کی دھمکی دی تھی لیکن انھوں نے اس دھمکی کی مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی۔البتہ انھوں نے یہ سوال کیا کہ دھمکی کے سائے میں مذاکرات کا کیا مطلب ہے؟''انھوں نے چھے بڑی طاقتوں کے ساتھ جوہری مذاکرات کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی مذاکرات کاروں کو ملک کی ''سْرخ لکیروں'' کا احترام کرنا چاہیے اور انھیں ان کا احترام کرتے ہوئے بات چیت جاری رکھنی چاہیے اور انھیں کسی دھونس، دھاندلی اور جبر کو قبول نہیں کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

ایران اور چھے بڑی طاقتوں کے درمیان 2 اپریل کو سوئٹزرلینڈ کے شہر لوزین میں طویل مذاکرات کے بعد فریم ورک سمجھوتا طے پایا تھا۔اب وہ 30 جون کی ڈیڈلائن سے قبل حتمی معاہدے کے لیے مذاکرات کررہے ہیں۔طرفین کے درمیان بات چیت کا حالیہ دور منگل کے روز ہی نیویارک میں ختم ہوا ہے اور اب ان میں مذاکرات کا نیا دور آیندہ ہفتے ویانا میں ہوگا۔

متعلقہ عنوان :