ملائشیا کی مسلح افواج کے دستے یمن جنگ میں حصہ لینے کیلئے سعودی عرب پہنچ گئے

اتوار 10 مئی 2015 19:27

ملائشیا کی مسلح افواج کے دستے یمن جنگ میں حصہ لینے کیلئے سعودی عرب پہنچ ..

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 مئی۔2015ء) ملائشیا کی مسلح افواج کے دستے یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف اتحادی افواج کی جنگی مہم میں حصہ لینے کیلئے سعودی عرب کے ہوائی اڈے پر پہنچ گئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ملائیشیا کی مسلح افواج کے دستے اتوار کو سعودی عرب کے ایک ہوائی اڈے پر پہنچ گئے ہیں۔وہ یمن میں حوثی شیعہ باغیوں کے خلاف سعودی عرب کی قیادت میں فورسز کی جنگی مہم میں حصہ لیں گے۔

ملائشیا سعودی عرب کی قیادت میں قائم اتحاد میں شامل ہونے والا بارھواں ملک ہے۔اس سے پہلے افریقی مسلم ملک سینی گال نے اتحاد میں شمولیت کے لیے اپنے2100 فوجی سعودی عرب بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔سعودی وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اتحاد کا آپریشنز سنٹر ملائشین اور سینی گال کی فورسز کو مدغم کرنے کی تیاری کررہا ہے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں سعودی عرب کی قیادت میں دس اتحادی ممالک کے لڑاکا طیارے یمن میں حوثی باغیوں اور ان کے اتحادی سابق صدر علی عبداللہ صالح کے وفادار فوجیوں کے ٹھکانوں پر 26 مارچ سے حملے کررہے ہیں۔

حوثیوں نے گذشتہ سال ستمبر سے یمنی دارالحکومت صنعا پر قبضہ کررکھا ہے جس کے بعد انھوں نے جنوبی شہر عدن کی جانب چڑھائی کردی تھی۔ان کے جارحانہ عزائم کو روک لگانے کے لیے یمن کے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ صدر عبد ربہ منصور ہادی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور عرب لیگ کو ایک خط لکھا تھا جس میں ان سے حوثیوں کی جارحیت کے خلاف فوجی مداخلت کی اپیل کی تھی۔

متعلقہ عنوان :