آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکر زیونین کی کال پر میپکو سرکل وہاڑی میں مکمل ہڑتال

ملازمین کا میپکو کمپلیکس کے احاطہ میں واپڈا کی نجکاری کے خلاف دھرنا اور احتجاج

بدھ 20 مئی 2015 22:51

وہاڑی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20مئی۔2015ء ) آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکر زیونین کی کال پر میپکو سرکل وہاڑی میں مکمل ہڑتال ۔ ملازمین کا میپکو کمپلیکس کے احاطہ میں واپڈا کی نجکاری کے خلاف دھرنا اور احتجاج، اس موقع پر زونل چیئر مین آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو ورکرز یونین جاوید اقبال ساہی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شریف برادران اپنے چہیتے سرمایہ داروں کو ادارے کی فروخت کر کے انہیں نوازنا چاہتی ہے اگرٹھیکدار محکموں کو ٹھیکے پر لیکر منافع کما سکتے ہیں تو پھر حکومت ایسا کیوں نہیں کر سکتی تو پھر ان کو چاہیے کہ پورا پاکستان ہی ٹھیکے پر دے دیا جائے کیونکہ ٹھیکدار بہتر نظام چلا سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈویژنل چیئر مین آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو ورکر زیونین وہاڑی چوہدری محمد لطیف نے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ واپڈا میں اس وقت ڈیڑھ لاکھ سے زائد ملازمین ہیں جو کہ حکومتی ایجنڈے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں حکومت ملک کو تباہی کی طرف لے کر جا رہی ہے ڈویژنل سیکرٹری محمد اقبال گجر نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہاحکومت پاکستان اپنے غیر ملکی آقاؤں کے اشاروں پر ملکی اداروں کو فروخت کر کے ان کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے اگر حکومت اپنے ان اقدامات سے باز نہ آئی تو پھر واپڈا ملازمین انتہائی اقدامات اٹھانے پر مجبور ہوں گے، میری حکومت سے اپیل ہے کہ خدارا ہوش کے ناخن لیں اور ملکی اداروں کوتباہی سے بچائیں۔