شہر میں ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لیے ریسیکو 1122کی ایک بھی ایمبولینس قابل بھروسہ نہیں‘ میاں کامران سیف

ہفتہ 6 جون 2015 22:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جون۔2015ء)پاکستان مسلم لیگ ق کے راہنما وجوائینٹ سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ لاہور میاں کامران سیف نے موٹر وہیکل ایگزامینر کی رپورٹ پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ شہر میں ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لیے ریسیکو 1122کی ایک بھی ایمبولینس قابل بھروسہ نہیں مئوٹر وہیکل ایگزامینر نے گاڑیاں فوری طور پر تبدیل کرنے کی سفارش کردی ہے میاں کامران سیف نے کہا کہ چوہدری پرویز الہٰی 1122منصوبہ شہریوں کو بروقت طبی امداد پہنچانے کیلئے ایک کامیاب منصوبہ ہے جس کی بین الاقوامی اداروں نے بھی تعریف کی ہے اس منصوبہ سے لاکھوں شہری جو سڑک پر حادثات کا شکار ہوئے مستفید ہوئے اور ہزاروں جانوں کو بروقت طبی امداد بچایا گیا ،لاہور شہر کی آبادی ایک کروڑ20لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے آئے روز آتشزدگی سمیت سڑک کے حادثات میں اضافہ ہورہا ہے ایسی صورتحال میں ریسکیو 1122سروس برسوں سے شہریوں کو بروقت امدادی سرگرمیاں فراہم کررہی ہے لیکن چوہدری پرویز الہٰی کی سیاسی مخالفت میں اس اہم شہریوں کے لیے بنایاگیا اس اہم منصوبہ کو ناکام بنانے کی کوشش کی جارہی ہے اس سروس کی گاڑیوں کی بروقت مرمت اور فنڈز کی عدم فراہمی سے گاڑیاں خراب ہوتی جارہی ہیں موٹر وہیکل ایگزامینر کی رپورٹ کے مطابق جو گاڑیاں ریسکیو 1122کو دی گئی ہیں وہ اپنی مدت پوری کرچکی ہیں شہر کے انفراسٹرکچر ،سپیئر پارٹس کی موجودگی اور دیگر حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس سروس کیلئے اچھے برانڈیعنی جاپانی گاڑیاں ریسکیو کیلئے استعمال کی جائیں انہوں نے کہا کہ خادم اعلیٰ پنجاب تمام فنڈز جنگلہ بس پر لگانے کی بجائے عوامی فلاح کے منصوبوں پر بھی رقم خرچ کریں اور ریسکیو 1122کو نئی ایمبولینس جلد از جلد فراہم کریں تاکہ یہ ریسکیو سروس عوام کی بہتر طور پر خدمت کرسکے۔