اشیائے صرف کے نرخ کی نگرانی کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں‘ چیف سیکرٹری

رمضان المبارک میں آٹا، چینی دالیں، پھل، سبزیوں اور اشیائے صرف کی رسد کو یقینی بنایا جائے،سول سیکرٹریٹ میں چیف سیکرٹری خضر حیات گوندل کی زیر صدارت رمضان پیکج کے حوالے سے خصوصی اجلاس

ہفتہ 6 جون 2015 22:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جون۔2015ء) چیف سیکرٹری پنجاب خضر حیات گوندل نے ہدایت کی ہے کہ رمضان المبارک میں اشیائے خورونوش کے معیار ، رسد اور قیمتوں کی نگرانی کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں تا کہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے - سول سیکرٹریٹ میں رمضان پیکج کے حوالے سے اعلی سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ماہ مقدس کے دوران عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے رمضان پیکج کا اعلان کیا ہے جس کے تحت آٹا، چینی ، دالیں ، گھی ، سبزیاں اور پھل رعایتی نرخوں پر دستیاب ہوں گے- انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے دوران پھلوں، سبزیوں اور دیگر اشیا ء کی رسد کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی پھل، سبزی وغیرہ کی قلت نہیں ہونی چاہیے - انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے رمضان پیکج کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لئے محنت سے کام کریں - چیف سیکرٹری نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں اور گرانفروشوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی- سیکرٹری انڈسٹریز نسیم صادق نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبہ بھر میں 316 سستے رمضان بازار لگائے جائیں گے -محکمہ زراعت ان رمضان بازاروں میں فیئر پرائس شاپس قائم کرے گا اس کے علاوہ گرین چینلز بھی کھولیں جائیں گے جہاں کسان اپنی اشیاء فروخت کر سکیں گے - انہوں نے بتایا کہ قیمتوں کی نگرانی کے لئے 1344 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مقرر کئے جائیں گے - انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران صوبہ بھر میں 2000 مدنی دستر خوان بھی لگائے جائیں گے جہاں افطار کی سہولت میسر ہو گی -اجلاس میں صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین ، وزیر صنعت چوہدری شفیق ، سابق ایم پی اے حاجی نواز ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی سی او لاہور اور دیگر اعلی افسران نے شرکت کی-