گلگت بلتستان : قانون ساز اسمبلی کےانتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 8 جون 2015 10:30

گلگت بلتستان : قانون ساز اسمبلی کےانتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری

گلگت (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 08 جون 2015 ء) : گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی کی 24 نشستوں پر انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل صبح 9 بجے سے جاری ہےجو بغیر کسی وقفے کے شام 4بجے تک جاری ر ہے گا ،گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کی 24 نشستوں کے لئےعوام آج اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں،انتخابی عمل کے باعث گلگت بلتستان میں آج اور آئندہ کل عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

پورے گلگت بلتستان میں1151 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔ جن میں 282 حساس ترین اور 269 حساس قرار دیے گئے ہیں۔انتخابات کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، پورے علاقے میں سکیورٹی کے لیے پاک فوج کے دستے تعینات کیے گئے ہیں.گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کی 24 نشستوں کیلئے 267 امیدوار میدان میں اترے ہیں ۔

(جاری ہے)

انتخابی عمل میں6 لاکھ 18 ہزار 364 ووٹر حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں ، جن میں 3 لاکھ 29 ہزار 475 مرد اور 2 لاکھ 88 ہزار 889 خواتین ووٹر شامل ہیں ۔

گلگت بلتستان کے7 اضلاع کی 24 نشستوں پر انتخاب ہوگا۔ضلع اسکردو سے سب سے زیادہ اراکین اسمبلی منتخب ہوں گے، جن کی تعداد 6 ہوگی،ضلع دیامر سے 4 ،ضلع گلگت ،ضلع غذر، گانچھے اورہنزہ نگر سے 3،3اورضلع استور سے 2 ارکان منتخب کئے جائیں گے۔انتخابات میں ن لیگ اور تحریک انصاف نے تمام نشستوں پر امیدوار کھڑے کیے ہیں، مجموعی طور پر ن لیگ، تحریک انصاف،جےیوآئی ف، اسلامی تحریک پاکستان اور مجلس وحدت مسلمین ميں سخت مقابلہ متوقع ہے ۔ ناخوشگوار واقعات سے نمٹنے کے لئے فوجی افسران کو مجسٹریٹ کا اختیاردے دیاگیا ہے،فوج کے علاوہ سکیورٹی کیلئے رینجرز، جی بی اسکاؤٹس، پولیس اور ایف سی کے جوان بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :