میٹرو بس ، موٹروے جیسے منصو بے عوام کی حالت زارکبھی نہیں بد ل سکتے ،سردار آصف احمد علی

پاکستان میں آئین چند خاندانو ں نے اپنے تحفظ کیلئے یر غمال بنا رکھا ہے، آئین میں درج عوام کو اگر اپنے بنیادی حقوق کا پتہ چل جائے تو ہر روز حکمران طبقے کا گریبان اور عوام کا ہاتھ ہو گا ، پاکستان میں جمہوریت کی بجائے خاندانی طرزِ حکومت مضبوط ہوتا جا رہا ہے،صحافیوں سے گفتگو

پیر 8 جون 2015 22:46

الہ آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 جون۔2015ء ) سابق وزیرِ خارجہ سردار آصف احمد علی نے کہا ہے کہ گذشتہ 68سال سے جمہوریت کی آڑ میں چند خاندان کے افراد نے اقتدار پر قبضہ جما کر ملکی و سائل کو ہر بار چہرے بدل، بدل کر لوٹنے سلسلہ شروع کر رکھا ہے ۔ آئین میں درج عوام کو اگر اپنے بنیادی حقوق کا پتہ چل جائے تو ہر روز حکمران طبقے کا گریبان اور عوام کا ہاتھ ہو گا ۔

آئین عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے بنائے جاتے ہیں ۔ جبکہ پاکستان میں آئین صرف چند خاندانو ں نے اپنے تحفظ کیلئے یر غمال بنا رکھا ہے ۔ پاکستان میں جمہوریت کی بجائے خاندانی طرزِ حکومت مضبوط ہوتا جا رہا ہے ، اِن خیالات کا اظہار انہوں نے دفتر پریس کلب میں مقامی صحافیوں کے ساتھ کی جانے والی ایک خصوصی گفتگو کے دوران کہا ۔

(جاری ہے)

سردار آصف احمد علی نے کہا کہ حکمران طبقے نے میٹرو بس چلانے ، موٹروے و دیگر ایسے منصوبے شروع کر کے عوام کو ایشین ٹائیگر بنانے کی جھوٹی وعیدیں سنانے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

ایسے منصوبوں سے عوام کی حالت زارکبھی نہیں بدلے گی ۔ حکمران ایسے منصوبے اس لیے شروع کر رہے ہیں کیونکہ اس سے کمیشن فوری، نقدی مل جاتی ہے ۔ ملک کو اس وقت توا نائی کے بحران کا سامنا ہے اس بحران کے حل سے زراعت اور صنعت ترقی کرے گی جس سے بے روز گاری کم ہو گی ۔ ملک کا ریوینو بڑے گا ۔ اس طرف آج تک سنجیدگی کے ساتھ توجہ نہیں کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری حکومت جوکہ عوام کے ووٹوں سے آتی ہے اور ان کا دعویٰ یہ ہوتا ہے کہ وہ عوام کی حمایت کے بل وبوتے پر اقتدار میں آئی ہے وہ سب سے پہلے ان مسائل کی نشاندی کر کے ان کو حل کرنے کی طرف پہلی ترجیحات میں کوشش کر تی ہے ۔

جس سے عوام کی حالت زار بدلے اس وقت میجر مسائل میں ہسپتالوں کی حالت زار کو بدل کر عوام کو صحت کی بنیادی سہولت فراہم کرنا۔ تعلیم کا حصول جو کہ ہر غریب امیر آدمی کا حق ہوتا ہے تعلیم کی ترقی کی طرف آجتک کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔ لا اِن آرڈر ٹھیک کرنا حکومت کے بنیادی ترجیحات میں شامل ہوتا ہے ان کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی اگر عوام اپنے حقوق کے حصول کیلئے سڑکوں پر نکل پڑے تو حکمران پولیس کے ذریعے اِن پر لاٹھیاں برساتے ہیں جیسا کہ نابیناں افراد ، نرسوں ، ڈاکٹروں اور کسانوں کا حقوق کیلئے اپنے حصول میں نکلنا اور پویس کی طرف سے لاٹھی چارج کسی سے ڈھکا چھپا نہیں انہوں نے کہا کہ جب تک عوام کے اندر شعور پیدا نہیں ہو گا اور ان کو اپنے ووٹ کی اہمیت کا احساس نہیں ہو گا اس وقت تک جمہوریت کی آڑ میں خاندانی طرز حکومت سے چھٹکارہ بہت مشکل ہے ۔