ترشاوہ پھلوں کیلئے نائٹروجن کھاد کی مناسب مقدار کی فراہمی یقینی بنائیں، محکمہ زراعت

بدھ 17 جون 2015 14:53

فیصل آباد ۔17 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 جون۔2015ء) محکمہ زراعت نے ہدایت کی ہے کہ باغبان ترشاوہ پھلوں کی غذائی ضروریات کو پوراکرنے کیلئے نائٹروجن کھاد کی مناسب مقدار کی فراہمی یقینی بنائیں کیونکہ نائٹروجنی کھادیں ترشاوہ پھلوں کی بڑھوتری میں معاون ثابت ہونے کے ساتھ ساتھ بہتر فصل اور اچھی پیداوار کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت فیصل آباد ڈویژن کے ذرائع نے کہاکہ باغات میں متوازن و متناسب کھادوں کا استعمال فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کیلئے انتہائی موزوں ہوتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ پودے کو تمام غذائی اجزاء سے نائٹروجن کھاد کی سب سے زیادہ ضرورت ہوتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ نائٹروجن کھاد پودے میں کلوروفل و سبز مادہ بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پودوں میں نائٹروجن کی موجودگی دیگر اجزاء فاسفورس ، پوٹاش ، کیلشیم ، میگنیشیم کی دستیابی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار ا س ضمن میں مزید رہنمائی کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔