رمضان بازاروں کے کامیاب انعقاد کیلئے غلہ وسبزی منڈی اوردیگرکاروباری تنظیموں سے رابطہ سمیت مذکورہ بازاروں میں شکایات سنٹر ، میڈیکل کیمپس ، بزرگ و معذور افراد کیلئے خصوصی کاؤنٹرز قائم کرنے کی بھی ہدایت کردی گئی

بدھ 17 جون 2015 14:55

فیصل آباد ۔17 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 جون۔2015ء) رمضان بازاروں کے کامیاب انعقاد کیلئے غلہ وسبزی منڈی اوردیگرکاروباری تنظیموں سے رابطہ سمیت مذکورہ بازاروں میں شکایات سنٹر ، میڈیکل کیمپس ، بزرگ و معذور افراد کیلئے خصوصی کاؤنٹرز قائم کرنے کی بھی ہدایت کردی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ تمام اضلاع کے ڈی سی اوز ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹرز ، اسسٹنٹ کمشنرز ، ایڈمنسٹریٹرز سٹی و ڈسٹرکٹ گورنمنٹس ، تحصیل میونسپل آفیسرز ، چیئرمین و سیکرٹریز مارکیٹ کمیٹی ، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز ، ڈسٹرکٹ آفیسر ز لیبر و دیگر متعلقہ حکام اس ضمن میں فوری اقدامات یقینی بنائیں تاکہ کل 19 جون بروزجمعہ سے شروع ہونے والے ماہ صیام کیلئے انتظامات کو مکمل رکھا جاسکے۔

سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ فیصل آباد کے ترجمان نے بتایاکہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں رمضان بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی سپلائی کیلئے میکانزم کو حتمی شکل دے دی گئی ہے تاکہ رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو رعائتی نرخوں پر معیاری اشیائے ضروریہ کی فراہمی میں کوئی تعطل نہ آنے پائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ ڈسٹرکٹ آفیسرز لیبر وقفے وقفے سے رمضان بازاروں کی مسلسل چیکنگ جاری رکھیں گے تاکہ ناپ تول کے پیمانوں میں کسی قسم کی ہیراپھیری کاامکان نہ رہے۔

انہوں نے بتایاکہ محکمہ لیبر کے سٹال پر الیکٹرانک و ڈیجیٹل اینڈ کمپیوٹرائزڈ کانٹے رکھے جائیں گے تاکہ صارفین کسی بھی سٹال سے خریدی گئی اشیا ء کاوزن مذکورہ ڈیجیٹل ویٹ مشین سے چیک کرسکیں۔ انہوں نے بتایاکہ رمضان میں سحر و افطار دسترخوانوں کی تعداد میں زیادہ سے زیادہ اضافہ کیلئے مخیر حضرات اور صاحب ثروت افراد سے رابطے جاری ہیں جنہوں نے اللہ تعالیٰ کی رضا کی خاطر دل کھول کر اپنا حصہ ڈالنے کا یقین دلایا ہے۔