فارم15کی غیر موجودگی میں انتخابات کو کس طرح صاف وشفاف اور منصفانہ قراردیا جاسکتا ہے،حکمران فتح کا جشن منانے کی بجائے اپوزیشن کو ساتھ لیکرچلنے کی کوشش کریں

جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی کا وزیراعظم کے خطاب پر ردعمل

جمعہ 24 جولائی 2015 22:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 جولائی۔2015ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کوفوری طورمنظر عام پر لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ قوم یہ سمجھنے سے قاصر ہے کہ فارم15کی غیر موجودگی میں انتخابات کو کس طرح صاف وشفاف اور منصفانہ قراردیا جاسکتا ہے۔حکمران فتح کا جشن منانے کی بجائے اپوزیشن کو ساتھ لیکرچلنے کی کوشش کریں۔

انہوں نے وزیراعظم کے قوم سے خطاب پر اپنے ردعمل میں مزید کہا کہ سیاسی تنازعات کو مزیدبڑھانے کی بجائے اتحاد ویکجہتی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

سیلاب ولودشیڈنگ پوری قوم کی توجہ چاہتا ہے۔انتخابی اصلاحات وقت کی ضرورت و آزازہیں۔ایسے قوانین اورنظام بنانے کی ضرورت ہے کہ مستقبل میں انتخابات کو چوری نہ کیا جائے۔دریں اثناء صوبائی امیر نے کراچی میں مون سون کی بارشوں اور ملک کے دیگر شہروں میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں واملاک کے نقصان پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ حکومت متاثرین کی امداد وبحالی کیلئے ہرممکن اقدامات کرے۔

انہوں نے دکھی خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور پسماندگان کیلئے صبر وجمیل کی دعا کی ہے۔