متحدہ قائدکی تقریر ان کے آقاؤں کیخلاف چارج شیٹ ہے ، رانا محمودالحسن

پیر 3 اگست 2015 23:06

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء ) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما وممبرپنجاب اسمبلی رانامحمودالحسن خاں نے کہا ہے کہ متحدہ قائدکی حالیہ تقریر ان کے آقاؤں کیخلاف چارج شیٹ ہے۔دشمن ملک کیلئے کام کرنیوالے سرزمین پاک کیلئے بوجھ ہیں۔تاریخ گواہ ہے جس کسی نے پاکستان کیلئے گڑھاکھوداوہ خود اس میں گرگیا ۔پیر کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ دنیا نے پاکستان کیخلاف بھارتی پروپیگنڈا مستردکردیا ۔

(جاری ہے)

بھارت میں مکھی بھی مرجائے توپاکستان کیخلاف زہراگلناشروع کردیاجاتا ہے۔ وزیراعظم نوازشریف چاردہائیوں سے کشمیریوں کی وکالت کررہے ہیں،ہم تکمیل پاکستان کیلئے تحریک آزادی کشمیر کی حمایت سے دستبردار نہیں ہوسکتے ۔مسلم لیگ (ن) کی قیادت اورحکومت سے بڑھ کرکشمیریوں کاکوئی ہمدردنہیں ہوسکتا ۔وزیراعظم میاں نوازشریف قومی مفادات اورپاکستان کے سا لمیت کے سلسلہ میں کسی دباؤمیں نہیں آئیں گے ۔