چنگچی کی آڑ میں سی این جی رکشوں کی پکڑ دھکڑ قابل مذمت ہے‘ پولیس ،شہری اداروں کو سی این جی رکشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا کوئی حق نہیں ‘ غریب عوام پر بجلیاں گرائی جارہی ہیں، سندھ ہائیکورٹ فوری نوٹس لے

مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد کی سی این جی رکشہ ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو

جمعہ 7 اگست 2015 21:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07اگست۔2015ء) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا کہ سندھ ہائیکورٹ نے چنگچی پر پابندی لگائی لیکن اس کی آڑ میں سی این جی رکشوں کی بھی پکڑ دھکڑ کی جارہی ہے جو عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہے ،عدالت نوٹس لے ۔اپنی رہائش گاہ پر سی این جی رکشہ ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین آفاق احمد نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور بے ہنگم ٹریفک کنٹرول کرنے کیلئے چنگچی پر پابندی اچھا قدم ہے لیکن سی این جی رکشے باقاعدہ سواری کا درجہ رکھتے ہیں جن پر ٹریفک کے تمام اصول اور قانون لاگو کئے جاتے ہیں تو پھر پولیس یا متعلقہ اداروں کو سی این جی رکشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا کیا حق پہنچتا ہے۔

آفاق احمد نے کہا کہ کراچی میں پہلے ہی روزگار کے مواقع کم ہوتے جارہے ہیں ،جب کسی کو روزگار نہیں دے سکتے تو پھر چھیننے کا حق کس نے دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کراچی کے بے ہنگم ٹریف کنٹرول کرنے کیلئے میٹرو بس،ماس ٹرانزٹ اور سرکلر جیسے منصوبوں کی تکمیل اور کے ٹی سی کی بحالی ضروری ہے جس پر حکومت توجہ دینے کی بجائے غریب پر بجلیاں گرائی جارہی ہیں ۔آفاق احمد نے مزید کہا کہ عدالت نے صرف چنگچی پر پابندی لگائی ،جو لوگ بھی سی این جی رکشہ ڈرائیوروں کو تنگ کررہے ہیں وہ توہین عدالت کے مرتکب ہورہے ہیں ،حکومت اس معاملے کا نوٹس لے اور متعلقہ اداروں کو سی این جی رکشوں کی پکڑ دھکڑ سے باز رکھا جائے اسکے علاوہ سندھ ہائیکورٹ کو بھی اپنے احکامات کے غلط استعمال پر فوری توجہ دینی چاہئے۔