چیف آف دی نیول اسٹاف کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ ، متاثرین کیلئے ایک دن کا راشن عطیہ کرنے کا اعلان

اتوار 9 اگست 2015 22:42

چیف آف دی نیول اسٹاف کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ ، متاثرین کیلئے ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 اگست۔2015ء) چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے متاثرین سیلاب کے لئے جاری ریلیف اینڈ ریسکیو آپریشن کے تحت ہونے والی پاک بحریہ کی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کیلئے شہید بینظیر آباد میں قائم کردہ پاک بحریہ کی ریسکیو سائٹس اور ریلیف کیمپس کا دورہ کیا۔جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق کمانڈرکوسٹ رئیر ایڈمرل سید بشیر احمد بھی نیول چیف کے ہمراہ تھے۔

نیول چیف نے پاکستان نیوی کی جانب سے متاثرین سیلاب کیلئے پاکستان نیوی کے ملازمین کے ایک دن کے راشن کے عطیے کا بھی اعلان کیا۔اس کے عطیے کا اعلان اس وقت ہوا جب پاکستان نیوی آپریشن ''مدد''کے تحت بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیوں میں مصروفِ عمل ہے اور 54ٹن امدادی سامان متاثرین سیلاب میں تقسیم کیا جاچکا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان نیوی کی جانب سے عطیہ کیاگیا راشن سیلاب سے متاثرہ دوردراز کے علاقوں کے ان متاثرین تک پہنچایا جائے گا جہاں ابھی تک کوئی مدد نہیں پہنچی۔

کمانڈر پاک میرینز نے نیول چیف کوپاک بحریہ کی ریلیف اینڈ ریسکیو سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ریلیف کے لئے کی جانے والی سرگرمیاں اس وقت پاک بحریہ کی اولین ترجیح ہیں اور سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔چیف آف دی نیول اسٹاف نے سیلاب متاثرین کے لئے جاری پاک بحریہ کی امدادی کاروائیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے کمانڈر کوسٹ کو ہدایت کی کہ وہ سیلاب کی صورتحال کا بغور جائزہ لیتے رہیں اورامدادی کاروائیوں میں حصہ لینے والے تما م اثاثہ جات ، افرادی قوت اور دستیاب وسائل کو استعمال کرتے ہوئے متاثرین کی مکمل بحالی تک امدادی سرگر میاں جاری رکھیں۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور سول ایڈمنسٹریشن کے نمائندوں نے بھی ایڈمرل ذکا ء اللہ کو سیلاب کی موجودہ صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔

بعد ازاں نیول چیف نے پاکستان نیوی کے ریلیف اور میڈیکل کیمپ کا دورہ کیااور جاری امدادی امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔نیول چیف نے سیلاب متاثرین کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ ضرورت کی اس گھڑی میں اپنے ہم وطنوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی بحالی کے لئے تمام ممکن اقدامات کرے گی۔

متعلقہ عنوان :