پٹرول کی قیمتوں میں فی لٹر 10 روپے فوری کمی کی جائے ‘عوامی تحریک کا مطالبہ

عالمی سطح پر خام تیل کی قیمت 40ڈالر سے نیچے آ گئی ،عوام کو ریلیف سے محروم رکھنا ظلم ہے حکومت کی قانونی حیثیت ختم ،اصلی مینڈیٹ والی حکومت ہی بحرانوں سے نکال سکتی ہے ‘ سنٹرل کور کمیٹی

اتوار 23 اگست 2015 17:35

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 اگست۔2015ء)پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کے ممبران خواجہ عامر فرید کوریجہ ،بشارت جسپال اور حنیف چودھری نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتیں 40ڈالر فی بیرل سے نیچے آ گئیں لہذا پٹرول کی قیمت فی لٹر 10روپے اور بجلی کے یونٹ میں 2روپے کمی کرنے کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 15فی صد کمی کی جائے ۔

کسانوں اور گھریلو صارفین کو ریلیف سے محروم رکھنا ظلم ہے۔کور کمیٹی کے ممبران نے صرف ایک ماہ کے اندر پھلوں ،سبزیوں کی قیمتوں میں 40فی صد تک اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حکمرانوں کو غریب عوام کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں۔جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع کے عوام کی بحالی کیلئے حکومت کی مجرمانہ خاموشی اور بے حسی کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ۔

(جاری ہے)

ممبران کمیٹی نے لوڈشیڈنگ میں خوفناک اضافہ اور اوور بلنگ پر حکومت کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ مہنگائی کو کنٹرول اور لوڈ شیڈنگ کو ختم کیا جائے،سنٹرول کور کمیٹی کے ممبران میجر(ر) محمد سعید، بشارت جسپال اور ڈاکٹر ایس ایم ضمیر نے الیکشن ٹربیونل کے حالیہ فیصلے پر کہاکہ فیصلہ سے ثابت ہو گیا کہ ن لیگ کے پاس پنجاب کا بھی اصلی مینڈیٹ نہیں ہے ۔

وفاقی وزیر ریلوے کے بعد سپیکر قومی اسمبلی کے انتخابات میں مینڈیٹ جعلی ثابت ہو نے سے پوری حکومت کے مینڈیٹ پر سوالیہ نشان لگ گیا اورحکومت کی اخلاقی و قانونی حیثیت ختم ہو گئی۔ ملک و قوم کو بحرانوں سے اصلی مینڈیٹ والی حکومت ہی نکال سکتی ہے ۔خواجہ عامر فرید کوریجہ نے کہاکہ عوامی حمایت کے دعویدار ایک ایک کر کے سٹے آرڈر کے پیچھے چھپ رہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان عوامی تحریک 2013کے پورے انتخابات کو ہی جعلی اور غیر آئینی قرار دیتی ہے کیونکہ یہ انتخابات غیر آئینی الیکشن کمیشن کی نگرانی میں ہوئے جس کی حقیقت ٹربیونلز کے فیصلوں سے آشکار ہو گئی۔انہوں نے کہا کہ انتخابی برائیوں کی جڑ غیر آئینی الیکشن کمیشن ہے ،پاکستان عوامی تحریک نے الیکشن کمیشن کے غیر آئینی صوبائی ممبران کے تقرر کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے ۔