عرس شریف کے کامیاب انعقاد پر پیر بابا غازی بادشاہ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، مفتی تاج الدین نعیمی

منگل 25 اگست 2015 23:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 اگست۔2015ء) دربارشریف حضرت دکن باباجی ؒ(موراں والی سرکارؒ)سیالکوٹ میں سہ روزہ سالانہ عرس مبارک کے انتہائی کامیاب عظیم الشان ،ایمان افروز، روحانی، نورانی،عرفانی اور وجدانی اجتماع کے انعقاد پر سجادہ نشین حضرت صاحبزادہ پیر باباسیداحمدشاہ المعروف غازی بادشاہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے تحریک صدائے حق پاکستان کے امیر مفتی محمدتاج الدین چشتی نعیمی نے کہاہے کہ اولیاء اﷲ کے آستانے اور صوفیاء کی خانقاہیں امن وآشتی مراکزہیں ،جہاں سے بلاامتیاز رنگ ونسل ہر ذی روح کے لئے عافیت کے پروانے ملتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ حضرت دکن باباجی ؒ(موراں والی سرکارؒ)نے لوگوں کے دلوں میں عشق رسول ﷺ کو موجزن فرمایااور دین کے پیغام کوعام کیا، آج بھی آپ ؒ کے معتقد آپؒ کا روحانی فیض پارہے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ باتیں انہوں نے دربارشریف حضرت دکن باباجی ؒ(موراں والی سرکارؒ)سیالکوٹ میں سہ روزہ سالانہ عرس مبارک کی تقریبات میں شرکت کے بعدکراچی واپسی کے موقع پر مریدین ومعتقدین سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

انہوں نے کہاکہ دنیامیں امن صرف اور صرف خانقاہی نظام کے تحت آسکتاہے، دین کے نام پر مسلمانوں کی گردنیں مارنے والے مسلمان نہیں اسلام اور انسانیت کے دشمن ہیں۔انہوں نے کہاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے موجودہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے بعد ملک میں امن وامان قائم ہوچکاہے، جس پر امن پسند طبقہ پاک آرمی اور دیگر اداروں کے شکرگزارہیں اور ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ملک کے سواداعظم اہلسنّت وجماعت نے اول روز سے دہشتگردی کا مردانہ وارمقابلہ کیااور سب سے زیادہ دہشتگردوں کے نشانے پر رہے جس کے نتیجے میں ہمارے اکابرین اور عوام الناس نے جانوں کے نذرانے بھی پیش کئے ،ہمارے بزرگوں کو شہید کرکے ان کے جسد کی بے حرمتی کی گئی ،بے شمارخاندانوں کو نقل مکانی پر مجبورکیاگیالیکن امن کے قیام کے لئے ہم نے ہمیشہ پاک فوج کا ساتھ دیااور تمام مصائب ومظالم کے باوجودبھی قانون کو ہاتھ میں نہیں لیا۔انہوں نے کہاکہ شمالی علاقہ جات سمیت دیگر علاقوں اور شہروں میں شہید کئے گئے مزارات اور مساجد کی ازسرنوتعمیر کرائی جائے اور نقصانات کاازالہ کرنے کے لئے حکومتی سطح پر اقدامات کئیے جائیں۔