پنجاب یونیورسٹی نے بی اے، بی ایس سی 2015ء کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا‘ پہلی تینوں پوزیشنز طالبات کے نام رہیں

جمعرات 27 اگست 2015 17:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء) پنجاب یونیورسٹی نے بی اے، بی ایس سی 2015ء کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ بی ایس سی میں پہلی تینوں پوزیشنز طالبات کے نام رہیں۔ بی اے میں لاہور کی طالبہ رملہ طیب اول آئیں۔ تفصیلات کے مطابق امتحانات میں صوبے بھر سے مجموعی طور پر ایک لاکھ اکیس ہزار چھ سو اٹھاون طالب علموں نے حصہ لیا جن میں سے اڑتالیس ہزار پانچ سو بیاسی کامیاب ہوئے۔

(جاری ہے)

بی ایس سی میں فیصل آباد کی عائشہ خان نے چھ سو ننانوے نمبروں کے ساتھ پہلی، قصور کی حفصہ نے چھ سو پچانوے نمبروں کے ساتھ دوسری جبکہ فیصل آباد کی فصاحت فاطمہ نے چھ سو پچھتر نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ بی اے میں شاہدرہ لاہور سے تعلق رکھنے والی طالبہ رملہ طیب چھ سو چوہتر نمبرز کے ساتھ اول رہیں۔شاہدرہ کے ہی اظہر علی چھ سو چونسٹھ نمبروں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ حافظ آباد کی ام کلثوم نے چھ سو چوون نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ امتحانات میں کامیابی کا تناسب 39ا عشاریہ 93 فیصد رہا۔پنجاب یورنیورسٹی کے ترجمان کے مطابق پوزیشنز ہولڈر طلبا کے اعزاز میں تقریب کل الرازی ہال پنجاب یونیورسٹی میں ہو گی۔

متعلقہ عنوان :