جیلیں جرائم میں ملوث افراد کی اصلاح کیلئے ہوتی ہیں،الطاف جعفر

قیدیوں کو معاشرے کے مہذب شہری بنانا ہے تا کہ وہ ملکی تعمیروترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں،ریجنل ڈائریکٹر صوبائی محتسب

جمعہ 28 اگست 2015 22:23

ژوب(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء)ریجنل ڈائریکٹر صوبائی محتسب الطاف جعفرنے کہاہے کہ جیلیں جرائم میں ملوث افراد کی اصلاح کیلئے ہوتے ہیں تاکہ سزایافتہ قیدی سزا کاٹ کر معاشرے کے مہذب شہری بن سکیں۔اورملکی تعمیروترقی میں اپناکرداراداکرسکیں۔ان خیالات کا اظہارانھوں نے سنٹرل جیل کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

ڈپٹی کمشنرنذرمحمدکھیتران ،سپرنٹنڈنٹ جیل رفیق کاکڑاورڈپٹی سپرنٹنڈنٹ درمحمدمندوخیل بھی ان کے ہمراہ تھے۔ریجنل ڈائریکٹرنے جیل کے مختلف بیرکس،کیچن، ڈسپنسری کا معائنہ کیا اور قیدیوں کے مسائل سنیں۔فارن ایکٹ کے تحت گرفتارہونے والے ایک افغان قیدی نے بتایاکہ وہ فالج کامریض ہے۔اورجیل میں اپنی سزاکی مدت پوری کرچکے ہیں۔

(جاری ہے)

جس پر ریجنل ڈائریکٹرنے انھیں فوری طورپر ڈی پورٹ کرنے کی ہدایت کی۔

ڈپٹی کمشنرنے اخراجات اورسیکیورٹی کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔جیل سپرنٹنڈنٹ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ تمام قیدیوں کو جیل مینوئل کے مطابق سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔اوربلاتعطل پیشی کیلئے عدالت لے جایاجاتاہے۔ڈاکٹرداؤدمندوخیل نے ڈائریکٹرکوبتایاکہ جیل ڈسپنسری میں ادویات حسب ضرورت موجودہیں۔اورہرنئے آنے والے قیدی کی بلڈسکریننگ کی جاتی ہے۔

ریجنل ڈائریکٹر صوبائی محتسب الطاف جعفر اور ڈپٹی کمشنر نذر محمد کھیتران نے جیل کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قیدی بھی ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں۔انھیں معیاری کھانا،علاج اوردیگرسہولیات کی فراہمی ان کا حق ہے۔اور سہولیات کی فراہمی جیل حکام کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی محتسب ادارے کے قیام کامقصدمفت اور فوری انصاف کی فراہمی ہے۔