پاک فوج بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے رہی ہے، حکومت کیوں خاموش ہے ‘ چودھری پرویزالٰہی

ہفتہ 29 اگست 2015 12:37

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اگست۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جانا چاہئے، پاک فوج سرحدی باؤنڈری پر تو اپنا فرض ادا کر رہی ہے مگر حکومت کی جانب سے بھارتی جارحیت کے حوالے سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا، نوازشریف مودی سرکار سے کیوں خائف ہیں؟ ،ساڑھیاں دے کر خارجہ پالیسی نہیں چلائی جا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی وجہ سے آج ہم سکون کا سانس لے رہے ہیں، پاکستان کو جن اندرونی و بیرونی خطرات کا سامنا ہے پاک افواج کی وجہ سے ہم ان سے محفوظ ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے اپنی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ن لیگ کی دھاندلی ثابت کر دی جو بھی حلقہ کھولیں گے اس میں ان کی دھاندلی کے ثبوت ہی نکلیں گے، الیکشن نتائج سے قبل نوازشریف کی تقریر اسی دھاندلی کو چھپانے کیلئے تھی، تمام سیاسی جماعتیں 2013ء کے الیکشن کو آر اوز کا الیکشن قرار دے چکی ہیں، دھاندلی زدہ الیکشن کو جمہوریت کی بقا کے نام پر قبول کیا گیا، اب تو ن لیگ نے اس جمہوریت پر بھی شب خون مار کر دھاندلی پر مہر لگا دی ہے لہٰذا تمام اپوزیشن جماعتوں کو مل کر جمہوریت کی بقا کیلئے ایک نقطہ پر متفق ہونا ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قومی اداروں کو آزادانہ ماحول میں کام نہیں کرنے دیا جا رہا، قومی اسمبلی میں اپوزیشن ارکان کو بات کرنے کا موقع نہیں دیا جاتا بلکہ ان پر جملے کسے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی جمہوریت ہمیں قبول نہیں جس میں عام آدمی کو اپنے حق کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھانا پڑیں، ہماری جماعت عوام کے حقوق کی جنگ کیلئے ہر محاذ پر آواز بلند کرتی رہے گی تاکہ عوام کو اس کا حق باعزت طریقے سے ملے۔

متعلقہ عنوان :