کراچی،تاجر آئی ایم ایف کے اشارے پر لگنے والے ودہولڈنگ ٹیکس کے خلاف آج ملک گیر ہڑتال کر ینگے صدر پرنٹنگ ایسوسی ایشن

حکومت نے مطالبات تسلیم نہ کیے تو احتجاجاً ٹیکس ریٹرن جمع نہیں کرائیں گے ۔پورے ملک کے تاجر متحد ہیں اور پاکستان پرنٹنگ پریس ایسوسی ایشن کراچی بھی تاجروں کے احتجاج میں ان کے ساتھ ہے، محمود حامد

منگل 8 ستمبر 2015 23:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 ستمبر۔2015ء) تاجر آئی ایم ایف کے اشارے پر لگنے والے ودہولڈنگ ٹیکس کے خلاف 9ستمبر کو ملک گیر ہڑتال کریں گے ۔اگر حکومت نے مطالبات تسلیم نہ کیے تو احتجاجاً ٹیکس ریٹرن جمع نہیں کرائیں گے ۔پورے ملک کے تاجر متحد ہیں اور پاکستان پرنٹنگ پریس ایسوسی ایشن کراچی بھی تاجروں کے احتجاج میں ان کے ساتھ ہیں ۔ان خیالات کا اظہار آج پاکستان چوک پر تاجروں کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کر تے ہوئے پرنٹنگ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری اور اسمال ٹریڈرز آرگنائزیشن کراچی کے صدر محمود حامد نے کیا ۔

مظاہرے سے پرنٹنگ ایسوسی ایشن کے صدر وکیل الدین ،نائب صدرامین الدین ،محمد آصف ،مسعود احمد ،عثمان نعیم، محمد سلطان ،سلیم راجپوت ،نوید احمد ،طاہر میمن ،عثمان شریف ،محمد ربان اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

محمود حامد نے مزید کہا کہ حکومت آئی ایم ایف سے مزید قر ضوں کے حصول کے لیے عوام پر بلا جواز بوجھ بڑ ھا رہی ہے ۔ٹیکس نیٹ میں اضافے کی کوشش میں حکومتی پولیسیوں پر تاجروں کا اعتماد متزلزل ہو چکاہے ۔

اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق بینک ڈپازٹس میں 30فیصد کمی ہوئی ہے ۔گویا بلیک اکنامی مزید طاقت ور ہو رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے تاجر اور پرنٹرز 9ستمبر کی ہڑ تال میں بھر پور شر کت کریں گے اور ظالمانہ ٹیکس کی واپسی تک جدو جہد میں شامل رہیں گے ۔امین الدین نے کہا کہ حکو مت کو پالیسیاں بنا نے سے پہلے تاجروں کو اعتماد میں لینا چاہیئے ۔

آنکھیں بند کر کے سود خور اداروں کے احکامات کو ماننے سے ملک میں انار کی بڑھے گی ۔ میرٹ روڈ ٹریڈرز کے صدر عثمان شریف نے کہا کہ حکمران اگر اپنی شاہ خرچیاں کم کر دیں تو ملک بحران سے نکل سکتا ہے اور عوام سکھ کا سانس لے سکتے ہیں ۔ الیکٹرانکس ایسوسی ایشن کے رہنماء نوید احمد نے کہا کہ حکومت کسی غلط فہمی میں نہ رہے ۔ملک کے تاجر متحد ہو چکے ہیں اور اپنے مطالبات کی منظوری تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔

حکومت نوشتہٴ دیوار پڑھ لے اگر ظلم اور ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف عوام اُٹھ کھڑے ہوئے تو سود خور ادارے حکمرانوں کو عوامی غضب سے نہیں بچا سکیں گے ۔مظاہر ے میں تاجروں نے ”گو اسحاق گو/ ود ہولڈنگ ٹیکس نامنظور /آئی ایم ایف مردہ باد اور بجلی کے نر خوں میں اضافہ واپس لو “ کے فلک شگاف نعرے لگائے ۔