ملک کو روشن کرنے والوں کی یونین کونسلوں میں کم وولٹیج کے باعث بجلی کے پنکھوں نے بھی جواب دیدیا

بدھ 16 ستمبر 2015 23:07

ہری پور۔ 16 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 ستمبر۔2015ء) قربانیاں دیکر ملک کو روشن کرنے والوں کی یونین کونسلوں میں کم وولٹیج کے باعث بجلی کے پنکھوں نے بھی کام کرنا چھوڑ دیا ہے۔ حلقہ کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی مسائل سے بخوبی آگاہ ہونے کے باوجود عوام کو سہولیات پہنچانے میں ناکام نظر آ رہے ہیں۔ ہری پور کے شمال مشرق میں تربیلا جھیل کے کنارے آباد یونین کونسل بیڑ، کلنجر اورلڈرمنگ کے عوام انتہائی مشکل زندگی گذارنے پر مجبور ہیں۔

بجلی کے وولٹیج 75 اور 80 کے درمیان ہونے کی وجہ سے فریج، پنکھے اور کمپیوٹرز ناکارہ ہو گئے ہیں۔ جس وجہ سے عوام علاقہ سخت اذیت کا شکار ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ سے فتح یاب ہونے والے رکن قومی اسمبلی اور تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی سے مقامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہوش کے ناخن لیں اور اپنے آباؤ اجداد کی قبریں، میٹھے اور ٹھنڈے پانی کے کنویں اور اپنی زرخیز زمینیں قربان کر کے پاکستان روشن کرنے والوں کے ساتھ امتیازی سلوک نہ برتیں، ان کے جائز حقوق کی فراہمی کیلئے ارکان اسمبلی آواز بلند کریں۔

(جاری ہے)

بجلی کے وولٹیج کی کمی کو فی الفور دور کرنے کیلئے جامع منصوبہ بندی کی جائے بصورت دیگر مندرجہ بالا یونین کونسلوں کے عوام بجلی کے بل ادا کرنا چھوڑ دیں گے۔ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل نہ کرنا سیاسی نمائندوں کی ناکامی کا ثبوت ہے۔

متعلقہ عنوان :