کاشتکاروں کو سورج مکھی کی زیادہ پیداوار دینے والی اقسام کاشت کرنے کی ہدایت

پیر 21 ستمبر 2015 13:08

فیصل آباد ۔21 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 ستمبر۔2015ء)ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کو سورج مکھی کی زیادہ پیداوار دینے والی اقسام کاشت کرنے کی ہدایت کی ہے اورکہاہے کہ کاشتکار زیادہ سے زیادہ رقبہ پر سورج مکھی کی کاشت یقینی بنائیں تاکہ پاکستان کی تیل کی پیداوار میں خود کفالت سمیت اربوں روپے کاقیمتی زرمبادلہ بچانے میں بھی مدد مل سکے۔

ایک ملاقات کے دوران انہوں نے بتایاکہ کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ روائتی فصلوں کی بجائے ملٹی کراپ اپنائیں تاکہ انہیں سارا سال آمدنی حاصل ہو تی رہے ۔ انہوں نے بتایاکہ بعض اداروں نے جنوبی افریقہ سے درآمد شدہ سورج مکھی کابیج بھی متعارف کروایا ہے جس کی اقسام 5521 اور 8251 کی کاشت کے بھی مفید نتائج حاصل ہوئے ہیں اور ترقی پسند کاشتکاروں نے 45 من فی ایکڑ سے بھی زیادہ پیداوار حاصل کی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ دوسری اقسام کی نسبت مذکورہ اقسام کا مارکیٹ ریٹ بھی زیادہ ملتاہے جس کے پودے کا قد درمیانہ پھول کے جھکاؤ کی وجہ سے گرمی اور پرندوں سے محفوظ رہتاہے۔ انہوں نے بتایاکہ سورج مکھی کی اقسام کی کوالٹی بھی دیگر اقسام سے کافی بہتر پائی گئی ہے لہٰذا کاشتکار دیگر اقسام کے ساتھ ساتھ ان اقسام کی بھی کاشت کریں تاکہ ملکی ضروریات پوری کرنے سمیت معاشی استحکام میں مدد مل سکے۔