قربانی کے جانوروں کو تازہ سبز چارہ مہیاکرنے اوردانہ نہ دینے کی ہدایت

پیر 21 ستمبر 2015 13:09

فیصل آباد ۔21 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 ستمبر۔2015ء)ماہرین لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ نے ہدایت کی ہے کہ فرزندان اسلام عید الاضحی کیلئے خریدے گئے قربانی کے جانوروں کو تازہ سبز چارہ مہیاکریں اورانہیں دانہ دینے سے گریز کیا جائے کیونکہ وافر مقدار میں دانہ کھلانے کے بعد جب جانور کو پانی مہیاکیاجاتاہے تو اس سے زیادہ تر جانوروں خصوصاً بکروں ، چھتروں ، دنبوں میں اپھارے کامسئلہ پیداہو جاتاہے جس کے بروقت علاج نہ ہونے سے جانور کی موت بھی واقع ہو سکتی ہے ۔

(جاری ہے)

ماہرین لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ نے بتایاکہ آج کل موسم کی مناسبت سے جانور کو نہلانے سے بھی گریز کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ فرزندان توحید سنت ابراہیمی کی ادائیگی سے قبل جانور کو کچھ کھانے کو مہیانہ کریں تاکہ قربانی کے دوران مذبحہ کے مراحل آسانی سے طے ہو سکیں۔ انہوں نے کہاکہ قربانی کے جانور کا معدہ بھراہونے سے گوشت آلودہ ہو سکتاہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ اچھی طرح جسم سے خون بھی نکالنا ضروری ہے جس سے گوشت کا رنگ چمکدار اور گوشت حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق حاصل کیاجاسکتاہے۔