پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی مسلح افواج کی پشت پر ہے، دہشت گردی کا اندرونی و بیرونی طور پر ارتکاب کرنے والوں کو شکست دینا ہوگی

جنرل راحیل شریف کا خیبرایجنسی میں جوانوں سے خطاب نماز عید بھی جوانوں کے ساتھ ادا کی

اتوار 27 ستمبر 2015 15:20

پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی مسلح افواج کی پشت پر ہے، دہشت ..

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 ستمبر۔2015ء) پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی مسلح افواج کی پشت پر ہے، پاکستان کو دہشت گردی کا اندرونی و بیرونی طور پر ارتکاب کرنے والوں کو شکست دینا ہوگی۔ پاک فوج کے سربراہ جنہوں نے جمعة المبارک کو نماز عید خیبرایجنسی میں تعینات جوانوں کے ساتھ ادا کی، نے ان خیالات کا اظہار جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ریاست دشمنوں کی طرف سے کسی بھی منظم سرگرمی کو روکنے اوردشمن کو کوئی بھی موقع نہ دینے کیلئے ہمیں مجموعی قومی ردعمل پر پوری توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔ جنرل راحیل شریف نے دہشتگردوں کو سرحد پار ٹھکانے بنانے اور پاکستان میں مداخلت سے روکنے کیلئے تمام سطحوں پرکام کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں عید کی خوشیاں مناتے ہوئے اپنے شہداء اور ان کے خاندانوں کو نہیں بھولنا چاہئے۔

انہوں نے مادر وطن کے دفاع کی عظیم ذمہ داری سرانجام دیتے ہوئے اپنے فرائض کی بجاآوری میں عید گزارنے والے ہر جوان کو خراج تحسین پیش کیا۔ پاک فوج کے سربراہ کو آپریشن کمانڈر نے آپریشن ضرب عضب کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے آپریشن میں اب تک کی کامیابیوں پر اپنے مکمل اطمینان کا اظہارکیا۔ آرمی چیف نے جوانوں کے بلند حوصلے کو سراہتے ہوئے آپریشن ضرب عضب میں ان کی حاصل کی گئی بے مثال کامیابیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے جوانوں کے ساتھ عید کی مبارکباد کا تبادلہ بھی کیا۔