محکمہ زراعت نے گندم کے کاشتکاروں کیلئے تربیتی ورکشاپس کے انعقاد کا اعلا ن کر دیا

جمعہ 2 اکتوبر 2015 13:03

فیصل آباد۔2 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 اکتوبر۔2015ء) حکومتی ہدایات کی روشنی میں گندم کی بمپر کراپ کے حصول کیلئے کاشتکاروں کو جدید رجحانات سے آگاہ ، پیداواری ٹیکنالوجی سے متعارف ، گندم کی کاشت کیلئے زمین کی تیاری ، زیادہ پیداوار اور بہتر قوت مدافعت کی حامل جدید اقسام کے بیجوں کی کاشت ، بیجوں کو زہر لگانے، کاشت کے مختلف طریقوں سے روشناسی ، مختلف کھادوں کے متوازن استعمال ، بروقت آبپاشی کی تکنیکس ، جڑی بوٹیوں کی تلفی اور دیگر معلومات کی فراہمی کیلئے محکمہ زراعت نے فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ،چنیوٹ سمیت صوبہ بھر میں گندم کے کاشتکاروں کی تربیتی ورکشاپس کے انعقاد کا اعلا ن کیا ہے اور کہاہے کہ مذکورہ تربیتی ورکشاپس کے دوران کاشتکاروں کوضروری معلوماتی لٹریچر بھی فراہم کیاجائیگا۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت کے ذرائع نے بتایا کہ یہ تربیتی ورکشاپس ہر گاؤں کی سطح پر منعقد کی جائیں گی تاکہ کاشتکاروں میں گند م کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی بارے شعور و آگاہی پیدا کر کے گندم کی شاندار فصل حاصل کی جا سکے ۔ انہوں نے بتایاکہ محکمہ زراعت توسیع کی جانب سے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی جو ضلع فیصل آباد کے 809دیہاتوں میں بھی تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ بہترین موسمی حالات کے باعث رواں سال ہدف سے زیادہ گند م کاشت کی جائے گی تاکہ ملکی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ اضافی گندم برآمد کرکے قیمتی زرمبادلہ حاصل کیا جاسکے۔