لاہور کے حلقہ این اے 122 کے ضمنی انتخابات میں نوازلیگ اور تحریک انصاف کے امیدوار اپنی دولت لٹا رہے ہیں ، بلاول بھٹو زرداری

اگر الیکشن کمیشن نے ان کے خلاف قدم نہ اٹھایا تو یہ ضمنی الیکشن محض مذاق بن جائے گا

جمعہ 2 اکتوبر 2015 23:02

لاہور کے حلقہ این اے 122 کے ضمنی انتخابات میں نوازلیگ اور تحریک انصاف ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 اکتوبر۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ لاہور کے حلقہ این اے 122 کے ضمنی انتخابات میں نوازلیگ اور تحریک انصاف کے امیدوار اپنی دولت لٹا رہے ہیں اور وہ اپنی انتخابی مہم میں الیکشن کمیشن کی جانب سے خرچہ کی مقرر کی گئی حد کو تجاوز کر رہے ہیں، اگر الیکشن کمیشن نے ان کے خلاف قدم نہ اٹھایا تو یہ ضمنی الیکشن محض مذاق بن جائے گا، واضح رہے کہ اس حلقہ سے پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار بئریسٹر عامر حسن نے پہلے ہی الیکشن کمیشن کو شکایت ارسال کی ہے کہ ان کے مخالف امیدوار نوازلیگ کے ایاز صادق اور پی ٹی آئی کے علیم خان اپنی انتخابی مہم کے دوران الیکشن کمیشن کی جانب سے مقرر کی گئی حد سے گئی گنا تجاوز خرچہ کر رہے ہیں، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے دونوں مخالفین نے اس ضمنی الیکشن کو ارب پتیوں کا کھیل بنا دیا ہے اور اس حلقہ کے ووٹرز کو خاموش تماشائی بنایا گیا ہے، جبکہ یہی ارب پتی اپنی دولت لٹا کر اس ضمنی الیکشن کو چرانے کی کوشش کر رہے ہیں، چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ پارٹی واضح طریقے کی اس دھاندلی کی اجازت نہیں دے گی جس میں ناجائز دولت کو استعمال کرکے لوگوں کو متوجہ کیا جارہا ہے کیونکہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہی ملک میں فی فرد-فی ووٹ کی پالیسی متعارف کرائی تھی، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی یہ ذمیواری تھی کہ نہ صرف وہ نوازلیگ اورپی ٹی آئی کے امیدواروں کے ان بے تحاشہ خرچوں کو روکتا بلکہ ان کے خلاف الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے رولز کت تحت کارروئی بھی کی جاتی تو اس رجحان کو روکا جا سکتا اور تمام امیدواروں کو مقرر حد تک خرچہ کرنے کا پابند بنایا جاتا، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ لاہور پاکستان پیپلزپارٹی کا جنم شہر ہے اور اگر الیکشن کمیشن اس حلقہ میں بے تحاشہ خرچوں کو روک کر صاف اور شفاف انتخابات کروانے کی اپنی ذمیداریاں پوری کرتا ہے تو اس حلقہ سے پیپلزپارٹی کے امیدوار عامر حسن کے لیے مثبت نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔