پنجاب فاریسٹ ٹریننگ سکول گھوڑا گلی مری میں پنجاب بھر کے محکمہ جنگلات کے فیلڈ افسران کی سات روزہ ٹریننگ

پنجاب کے سابق پارلیمانی سیکریٹری و مسلم لیگ ن کے راہنماء شاہد ریاض ستی کی وزیر اعلی پنجاب سے اپیل

بدھ 21 اکتوبر 2015 22:37

راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 اکتوبر۔2015ء ) پنجاب فارسٹری اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ گٹ والا فیصل آباد کے ریسرچ اینڈ ٹریننگ ونگ کے زیر اہتمام پنجاب فاریسٹ ٹریننگ سکول گھوڑا گلی مری میں سات روزہ مینجمنٹ اینڈ ٹریننگ کورس میں شرکت کرنے والے سینکڑوں فیلڈ افسران نے بورڈنگ الاؤنس نہ ملنے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب ، سیکریٹری جنگلات اور دیگر اعلی متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ فیصل آباد کی جانب سے کورس کے شرکاء میں تقسیم کرنے کیلئے جاری کئے گئے لاکھوں روپے مالیت پر مبنی بورڈنگ الاؤنس کو ہڑپ کئے جانے کا فوری نوٹس لیں ․ کورس میں شریک محکمہ جنگلات کے فیلڈ افسران ، جن میں پنجاب کے مختلف علاقوں میں تعینات فارسٹرز اور فارسٹ گارڈز شامل ہیں ، نے میڈیا کے نمائندوں کواپنے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے بتایا کہ گٹ والا فارسٹری اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ فیصل آباد نے 12 اکتوبر سے 17 اکتوبر تک محکمہ جنگلات کے فیلڈ افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کیلئے پنجاب فاریسٹ ٹریننگ سکول گھوڑا گلی مری میں ایک تربیتی کورس کا انعقاد کیا جس میں سینکڑوں فیلڈ افسران نے شرکت کی ․ ایف اینڈ آر انسٹی ٹیوٹ گٹ والا فیصل آبادنے تربیتی کورس کے شرکاء کیلئے بورڈنگ الاؤنس کی مد دمیں فاریسٹ سکول گھوڑا گلی مری کی انتظامیہ کو پانچ لاکھ روپے سے زائد فنڈ جاری کئے مگر کورس کی تکمیل کے بعد ابھی ٹریننگ میں شامل ہونے والے کسی بھی افسر کو الاؤنس کی رقم ادا نہیں کی گـئی ․ کورس کے شرکاء نے بتایا کہ انہوں نے فاریسٹ سکول گھوڑا گلی مری کے پرنسپل اور انسٹریکٹر محمد نعیم ، جو کہ سب ڈویژنل فاریسٹ آفیسر ہیں اور بلاک آفیسر یسین سے ایف اینڈ آر انسٹی ٹیوٹ گٹ والا فیصل آباد کی جانب سے وصول شدہ الاؤنس شرکاء میں تقسیم کرنے کی درخواست بھی کی جو ہمارا حق ہے مگر اس کے باوجود ابھی تک نا معلوم وجوہات کی بناء پر بورڈنگ الاؤنس کی یہ کیش رقم شرکاء میں تقسیم نہیں کی گئی ․ انہوں نے کہا کہ جب کورس کے شرکاء ٹریننگ کرنے آئے تو ان سے بورڈنگ الاؤنس کے فارم پر باقاعدہ دستحظ بھی لئے گئے․ ٹریننگ مکمل کرنے والے محکمہ جنگلات کے فیلڈ افسران نے اعلی متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریننگ سکول گھوڑا گلی مری کی انتظامیہ کی اس بے قاعدگی کا فوری نوٹس لیں اور فیلڈ افسران کو ان کا حق فوری طور پر دلوایا جائے ․ دریں اثناء مسلم لیگ ن کے سابق پارلیمانی سیکریٹری پنجاب شاہد ریاض ستی نے پنجاب فاریسٹ سکول گھوڑا گلی مری میں محکمہ جنگلات کے فیلڈ افسران کی پیشہ ورانہ مہارت میں اضافے کیلئے منعقدہ تربیتی کورس کا خیر مقدم کیا ہے اور اس امر پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ اس کورس میں شرکت کرنے والے فیلڈ افسران کے بورڈنگ الاؤنس کو ہڑپ کرنا انتہائی زیادتی ہے ․ محکمہ جنگلات کے بڑے افسران کی اس کرپشن اور بے ضابطگی سے چھوٹے فیلڈ افسران اور گارڈز کچھ اور سیکھیں یا نہ سیکھیں مگر وہ یہ ضرور سیکھیں گے کہ دوسری کا حق کیسے مارا جاتا ہے اور اپنے ساتھ ہونے والی اس زیادتی کو اپنی تربیت کا حصہ سمجھ کر وہ بھی اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرنا اپنا حق سمجھیں گے ․ شاہد ریاض ستی نے وزیر اعلی پنجاب سے اپیل کی ہے کہ وہ اس واقعہ کا بطور خاص نوٹس لیں اور محکمہ جنگلات کے افسران کی ٹریننگ میں فرائض کی ایماندارانہ ادائیگی کو بھی بطور مضمون شامل کریں ۔

متعلقہ عنوان :