سرگودھا ، محرم الحرام میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے جہاں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات

بدھ 21 اکتوبر 2015 23:00

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 اکتوبر۔2015ء) محرم الحرام میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے جہاں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں وہاں پر انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس بات پر بھی نظر رکھیں کہ آئی ڈی پیز کے لوگ جلسے جلوسوں میں اگر شامل ہوں تو ان کی مکمل جامہ تلاشی لی جائے اس کے علاوہ تمام جلوسوں کے روٹس پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں جس کی وجہ سے جلوسوں کے راستوں پر پولیس ‘ سول ڈیفنس کے رضا کار اور اہل تشیع کے اپنے سکاؤٹس بھی تعینات کئے گئے ہیں پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ محرم الحرام میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے ضلع بھر میں 9 اور 10 محرم الحرام کو ڈبل سواری پر پابندی بھی عائد کی جارہی ہے تاہم اس پابندی سے خواتین‘ 60 سال سے زائد عمر کے بزرگ اور صحافی مستثنیٰ ہونگے جلوسوں کے راستوں پر کسی قسم کی گاڑی‘ موٹر سائیکل وغیرہ پارک کرنے کی اجازت نہیں ہوگی امن کمیٹی کے ممبر نے بتایا کہ امن و امان کی صورتحال کو برقرا رکھتے ہوئے انتظامیہ نے جلوس کے راستوں میں نصب تمام پانی کی موٹریں اکھاڑنے کی ہدایت جاری کردی ہے اور جلوس کے راستوں پر کسی قسم کی تجاوزات کو بھی برداشت نہیں کیا جائیگا پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام ضلعی اور ڈویژنل محکموں کے افسران جلوسوں کو خود مانیٹر کررہے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جاسکے رات کے اوقات میں محکمہ واپڈا کو ہدایت کی گئی ہے کہ بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاہم حفظ ماتقدم کے تحت ایمرجنسی لائٹس کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :