اٹک میں محر م الحرام کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے،ضابطہ اخلاق کی پیروی کی جائے گی،ڈی سی او اٹک

بدھ 21 اکتوبر 2015 23:01

اٹک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 اکتوبر۔2015ء)ڈی سی او اٹک چوہدری حبیب اﷲ نے کہا ہے محر م الحرام کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ اٹک کی جانب سے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔ روٹس اور مقامات کا تعین کرلیا گیا ہے۔ حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی مکمل پیروی کروائی جائے گی۔ جلوس اور مجالس کے متعین اوقات کار میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں ہوگی۔

بغیر لائسنسکسی بھی جلوس اور مجالس منعقد کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ جلوس اور مجالس کا داخلی اور خارجی راستہ ایک ہی ہوگا۔ جلوس کے شرکاء کو مکمل جامہ تلاشی کے بعد جلوس اور مجالس میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔ ضلع بھر میں متنازعہ تقاریر کرنے والے علماء کرام اور ذاکرین کے داخلے اور زبان بندی کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

قانون نافذ کرنے والے اداروں کے علاوہ کسی کو بھی اسلحہ اٹھا کر چلنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

جلوس کے راستوں پر موجود دکانیں بند رکھی جائیں گی اور مکانات کی چھتوں کا استعمال بھی ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔ جلوس اور مجالس میں شرکت کرنے والوں کی گاڑیاں جلوس اور مجالس کے مقامات سے دور پارک کرنے کے احکامات بھی جاری کردیے گئے ہیں۔ ضلع بھر میں وال چاکنگ ، لاؤڈ سپیکر کے غیر ضروری استعمال پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ جلوس کے شرکاء کو کھانہ اور پینے کی اشیائے کی فراہمی متعلقہ انتظامیہ کی تصدیق کے بعد ہی ممکن ہوگی۔

جلوس اور مجالس میں ایسے نعرے لگانے جن سے کسی دوسرے مسئلک کے افراد کی دل آزاری ہو پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ متنازعہ اور شر انگیز مواد کی تقسیم پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔جلوس کی سیکورٹی محکمہ پولیس ، قانون نافذ کرنے والی ایجنسیاں ، فوج اور رینجرز اہلکار کریں گے۔ تمام جلوس اور مجالس کی وڈیو کوریج کی جائے گی۔ ضلع بھر کے جلوس اور مجالس کی مانیٹرنگ کے لیے تحصیل اور ضلع سطح پر کنٹرول رومز قائم کردیے گئے ہیں۔

ضلعی سطح پرقائم کیے گئے کنٹرول روم کا ٹیلفون نمبر 057-9316013ہے۔ جلوس کے شرکاء کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے محکمہ صحت کی ایمبولینسز ، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف موجود رہے گا۔ جلوس کے مقامات پر فائر بریگیڈ ، بم ڈسپوزل سکواڈم، سول ڈیفنس ، ریسکیو ۱۲۲ ۱ بھی اپنے فرائض سرانجام دے گا۔ ضلع بھر میں کسی کو بھی نئے جلوس یا مجالس منعقد کرنے کی ہر گز اجازت نہیں ہے۔ضلع بھر میں آٹھویں،نویں اور دسویں محرم کو ڈبل سواری پر پابندی عائد ہوگی۔