سرخ مرچ کو خشک اور پراسیس کرنے والا ملک کا پہلا پلانٹ دسمبر 2015ء تک کام شر وع کر دیگا، چیف ایگزیکٹو آفیسر سمیڈا

جمعرات 22 اکتوبر 2015 13:17

اسلام آباد ۔ 22 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 اکتوبر۔2015ء)سرخ مرچ کو خشک اور پراسیس کرنے والا ملک کا پہلا پلانٹ دسمبر 2015ء تک کام شر وع کر دیگا۔ سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائیززڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد عالمگیر چوہدری نے کہا ہے کہ اس سے سرخ مرچ کے مقامی کاشت کاروں ، تاجروں اور برآمد کنندگان کو سہولیات حاصل ہونگی۔

انہوں نے کہا کہ پوسٹ ہارویسٹگ کی سہولیات کے فقدان کے باعث زرعی پیداوار کا 30تا40فیصد حضہ ضائع ہو جاتا ہے جس کے پیش نظر سرخ مرچ کی پیداوار کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے پراسیسنگ پلانٹ کی تنصیب کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں پیدا کی جانے والی سرخ مرچ کا 83فیصد حصہ صوبہ سندھ میں پیدا ہوتا ہے جس کے پیش نظر سندھ میں کزی کے مقام پر پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے سرخ مرچ کو جدید طریقوں سے خشک کرنے کی سہولت کے فقدان کے باعث ان کی مجموعی پیداوار کا 40 فیصد سے زائد حصہ ضائع ہو جاتا تھا جبکہ روایتی طریقوں سے اسکو خشک کرنے پر بہت زیادہ وقت اور اخراجات کی ضرورت ہوتی تھی جبکہ اس سے انسانی صحت پر بیھ مضر اثرات مرتب ہوتے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پلانٹ کی پیداوار کے آغاز سرخ مرچ کے مقامی پیداوار کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکے گا جس سے نہ صرف مقامی کاشت کاروں کو فائدہ ہوگا بلکہ اس سے تاجروں اور برآمدکنندگان کو بھی خاطر خواہ فائدہ ہوگا۔

محمد عالمگیر چوہدری نے کہا کہ صوبہ سندھ کے علاقے عمر کوٹ میں کنری کے مقام پر لگائے جانے والے پلانٹ سے سرخ مرچ کو خشک اور پراسیس کرنے کے تمام تر مسائل کا خاتمہ ہوگا جبکہ پلانٹ کی کامیابی سے مقامی صنعت کار اسطرح کے مزید پلانٹ لگائے پر بھی راغب ہونگے جس سے سرخ مرچ کے کاشتکاروں کو فائدہ حاصل ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پلانٹ سے پیداوار کے باقاعدہ آغاز سے مقامی کاشتکاروں اور تاجروں کی آمدنی میں اضافہ کے ساتھ ساتھ سرخ مرچ کی برآمدات بھی بڑھیں گی ۔

انہوں نے کہا کہ پلانٹ کی پیداواری استعداد 30ٹن یومیہ ہے جبکہ اسکو چلانے کیلئے انتہائی کم افرادی قوت درکار ہوگی جس میں 14انتظامی ملازمین سمیت 30تا 70ورکرز شامل ہیں جبکہ پلانٹ جدید ترین ٹیکنالوجی کا حامل ہے جہاں پر بین الاقوامی معیار کے مطابق سرخ مرچ کو خشک اور پراسیس کیاجاسکے گا۔