علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے اپنی مرکزی لائبریری میں نابینا طلبہ کیلئے”ای لرننگ ایکسسیبلٹی سنٹر“ قائم کردیا

اتوار 25 اکتوبر 2015 22:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25اکتوبر۔2015ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے اپنی مزکری لائبریری میں نابینا طلبہ کے لئے ”ای لرننگ ایکسسیبلٹی سینٹر“قائم کردیا ہے۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر  پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ پبلک سیکٹرکے تعلیمی اداروں میں یہ پہلی کوشش ہے کہ اس جامعہ نے خصوصی افراد کے لئے اپنی لائبریری میں ای لرننگ کی مفت سہولت فراہم کردی ہے اور ان کے لئے لائبریری میں کمپیوٹر  پرنٹرز  ہیڈ فونز اور مختلف سافٹ ویئر کی سہولتیں فراہم کردی ہیں۔

ان سہولیات سے مستفید ہونے کے لئے نابینا طلبہ کے لئے لائبریری میں ایک خصوصی کارنر بنادیا گیا ہے جہاں پر ان کے بیٹھنے کا خصوصی انتظام گیا گیا ہے۔لائبریری میں موجود سہولیات سے نابینا طلبہ کو انٹرنیٹ کے ذریعہ ای مواد تک رسائی حاصل ہوگی۔

(جاری ہے)

انہیں بغیر کسی اضافی چارجز کے ایچ ای سی کی ڈیجیٹل وسائل  ای کتابوں  تحقیقی مضامین  جرنلز اور مقالوں تک بھی رسائی حاصل ہو گی۔

انہیں لائبریری کے مختلف حصوں بالخصوص ہر شیلف تک پہنچنے کے لئے ویل چیئر کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔وائس چانسلر نے کہا کہ نابینا افراد کے لئے لائبریری میں خصوصی کارنر اور سہولیات فی الوقت یونیورسٹی کی مرکزی لائبریری میں فراہم کردئیے گئے ہیں جسے بتدریج ملک بھر میں قائم یونیورسٹی کے علاقائی دفاتر کے لائبریریوں تک توسیع دی جائے گی۔

یونیورسٹی کی لائبریری کے اوقات بڑھا دئیے گئے ہیں ۔ اب لائبریری سوموار سے ہفتے کے دن تک روزانہ صبح 8۔بجے سے شام 6۔بجے تک کھلی رہتی ہے۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کی مرکزی لائبریری ایک نیشنل لائبریری بن چکی ہے کیونکہ دیگر تعلیمی اداروں کی طلبہ و طالبات کی ایک کثیر تعداد روزانہ کی بنیاد پر اس قومی لائبریری سے مستفید ہونے آتے ہیں۔

اوپن یونیورسٹی ملک کی واحد پبلک سیکٹر یونیوسٹی ہے جو معزور افراد کے لئے گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ سطح تک خصوصی تعلیم مفت فراہم کررہی ہے ۔ معذور طلبہ کے لئے مختلف سکالر شپس بھی دستیاب ہیں جن کے لئے یونیورسٹی کے سالانہ بجٹ میں ایک خصوصی فنڈ بھی مختص کی ہوئی ہے۔ عنقریب یونیورسٹی معذور افراد کے لئے ایک کرکٹ ٹورنامنٹ بھی منعقد کرے گی۔

متعلقہ عنوان :