کھیل کے میدان پر لینڈمافیا کا قبضہ ظلم ہے، پولیس کی جانب سے پرامن مظاہرین اور خواتین پر بدترین تشدد ناقابل برداشت ہے، محمد حسین محنتی

بدھ 28 اکتوبر 2015 22:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اکتوبر۔2015ء) کھیل کے میدان پر لینڈمافیا کا قبضہ ظلم ہے۔ پولیس نے پرامن مظاہرین اور خواتین پر بدترین تشدد ناقابل برداشت ہے۔ پولیس عوام کی خادم ہے۔ سندھ حکومت واقعہ کی انکوائری کرے اور پرامن مظاہرین پر تشدد کرنے اور لوگوں کے گھروں میں تھوڑ پھوڑ کرنے والے پولیس اہلکاروں کو نوکریوں سے برطرف کیا جائے۔

جماعت اسلامی نوجوانوں کے کھیل کے میدان پر قبضہ مافیا کے قبضے کے خلاف علاقے کی عوام کے ساتھ ہے۔ عوام کی طاقت کے سامنے کوئی نہیں ٹہر سکتا۔ بلڈرز کا ناجائز قبضہ ختم نہیں ہوا تو علاقے کی عوام کے ہمراہ وزیر اعلیٰ ہاؤس اور گورنر ہاؤس کا گھیراؤ کریں گے۔ یہ بات جماعت اسلامی صوبہ سندھ کے نائب امیر اور سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کورنگی نمبر5 سوک سینٹر کے برابر لینڈمافیا کی جانب سے نوجوانوں کے کھیل کے میدان پر کئے جانے والے قبضے اور اس پر تعمیرات شروع کئے جانے پر ہونے والے عوامی احتجاج اور دھرنا کے شرکاء پر پولیس تشدد اور گرفتاریوں پر علاقے کے دورے اور زخمیوں کی عیادت کے موقع پر کاٹھیاواڑ برادری اور علاقے کی عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پیپلز یوتھ کراچی کے صدر اقبال ساند، پیپلز پارٹی ضلع کورنگی کے صدر مرزا مقبول، جماعت اسلامی کے رہنما رفیع الزماں، امیر جماعت اسلامی لانڈھی جمیل الدین قریشی، سابق یوسی ناظم محمد قاسم خان، نادر علی خان لودھی، محمد انور عزیز، گراؤنڈ بچاؤ ایکشن کمیٹی کے چیئرمین عثمان جت بلوچ ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ پولیس نے پر امن مظاہرین پر اس طرح تشدد کیا، جس طرح مقبوضہ کشمیر میں انڈین فورسز کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اور انتظامیہ حالات کو خراب کررہی ہے۔ حکومت ہوش کے ناخن لے۔ عوام کی طاقت کے سامنے بڑی سے بڑی قوت نہیں ٹہرسکتی۔ یہ کوئی سیاسی مسئلہ نہیں ہے۔ جماعت اسلامی، پیپلزپارٹی ودیگر جماعتیں سب گراؤنڈ کی بحالی میں متحد ہیں۔ ہم کسی قیمت پر نوجوانوں کے کھیل کے میدان پر لینڈ مافیا کا قبضہ نہیں ہونے دیں گے۔ پہلے ہی شہر کو چائنا کٹنگ کے ذریعے خالی پلاٹوں پر لینڈمافیا نے ناجائز کیا اور اب کے ڈی اے کے افسران کی ملی بھگت سے کھیلوں کے میدان پر بھی قبضہ کیا جارہا ہے۔

پیپلز پارٹی ضلع کورنگی کے صدر مرزا مقبول نے کہا کہ پیپلز پارٹی روز اول سے گراؤنڈ کی بحالی کی جدوجہد کررہی ہے۔ پیپلز یوتھ کے صدر اقبال ساند ودیگر کارکنان گراؤنڈ پر ناجائز قبضے کے خلاف جدوجہد کررہے ہیں۔ ہم نے وزیر اعلیٰ سندھ، وزیر داخلہ ودیگرا علیٰ حکام سے رابطہ کیا ہے۔ عوام کو جلد خوشخبری ملے گی اور کھیل کے میدان پر سے بلڈرز کے ناجائز قبضے کا خاتمہ ہوگا

متعلقہ عنوان :