کسانوں میں گندم کے تصدیق شدہ تخم کی مفت فراہمی سے فصل کی پیداوار میں اضافے میں بڑی مدد ملے گی،اسد قیصر سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی

جمعہ 30 اکتوبر 2015 15:45

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 اکتوبر۔2015ء) سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ کسانوں میں گندم کے تصدیق شدہ تخم کی مفت فراہمی سے گندم کی پیداوار میں اضافے میں بڑی مدد ملے گی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے گاؤں موضع مرغز صوابی میں انصاف فوڈ سیکورٹی پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے صوبائی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹر حیدر علی خان‘ ڈی جی محکمہ زراعت (توسیع) قیاش بہادر اور حسن تاج کے علاوہ دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ انصاف فوڈ سیکورٹی پروگرام گندم کی پیداوار کے اضافے میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا انہوں نے کہا کہ آئندہ سال سے کسانوں کو مفت کھاد اور فصلوں کی ادویات دینے کا بھی پروگرام ہے انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت زرعی اراضی رکھنے والے صوبے کے 8لاکھ 68ہزار کاشتکار گندم کے تصدیق شدہ مفت تخم سے مستفید ہونگے انہوں نے کہا کہ صوبے کو زرعی اعتبار سے خود کفیل اور خوشحال بنانے کیلئے تاریخ میں پہلی بار بڑے پیمانے پر عملی اور قابل ذکر اقدامات کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ فصلوں اور سبزیوں کی پیداوار میں اضافے کیساتھ ساتھ آبپاشی کیلئے پانی کی قلت کے خاتمے پر بھی انکی بھر پور توجہ ہے انہوں نے کہا کہ صوبے میں فصلوں کیلئے پانی کی وافر مقدار میں فراہمی کیلئے ٹیوب ویلوں کی تنصیب کیلئے ایک خصوصی پیکیج منظور کرایا ہے

انہوں نے کہا کہ وہ علاقے کے کاشتکاروں سے صلاح مشورے کی روشنی میں ضرورت کے مقامات پر ٹیوب ویل لگائے جائیں گے تاہم انہوں نے کہا کہ ٹیوب ویل لگانے کے پروگرام پر اگلے دو تین ماہ میں شروع ہوگا انہوں نے کہا کہ ٹیوب ویلوں کے پروگرام سے فصلوں کیلئے پانی کی قلت کا مسئلہ حل ہوجائیگا انہوں نے اعلان کیا کہ مرغز میں موجودہ نہراور ڈسٹری کے تمام راستوں کو پختہ کیا جائیگا۔

سپیکر اسد قیصر نے اعلان کیا کہ تمباکو کو باضابطہ طور پر فصل کا درجہ دینے کیساتھ ساتھ تمباکو کے کاشتکاروں کو سہولیات دینے کی بھی بھر پور کوشش کی جائیگی انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے باغات لگائے جائیں گے اور لوگوں میں پورے تقسیم کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ زرعی اراضی تیزی سے ختم ہو رہی ہے جبکہ زرعی اراضی کا تحفظ ناگزیر ہے۔

رکن صوبائی اسمبلی ڈاکر حیدر علی خان اور ڈی جی محکمہ زراعت (توسیع) قیاش بہادر نے کہا کہ زراعت اقصادیات کا اہم جزو ہے انہوں نے کہا کہ فصلوں کیساتھ ساتھ سبزیاں اور پھل بھی منفعت بخش فصلیں ہیں اور دنیا کے ترقی یافتہ ممالک اس بارے بھر پور توجہ دے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ جب تک ہم خود اپنے پاؤں پر کھڑے نہ وہں ترقی نہیں کرسکتے ڈاکر حیدر علی نے کہا کہ عمران خان کی سرپرستی میں صوبہ تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب صوبہ زرعی شعبے میں خود کفیل ہوگا اور خوشحالی گھر گھر تک پہنچے گی انہوں نے کہا کہ 80 فیصد آبادی کا تعلق زراعت سے ہے مگر دوسری جانب زرعی شعبہ ہمیشہ محروم رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :