لاڑکانہ عوامی اتحاد کابلدیاتی انتخابات کے عمل پر عدم اعتمادکااظہار

الیکشن کمیشن کو لاڑکانہ میں پیپلز پارٹی زرداری کی جانب سے کی گئی دھاندلی کا نوٹس لے کر تفیصلی جائزہ لینا چاہیے،صفدرعباسی

پیر 2 نومبر 2015 23:06

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔2 نومبر۔2015ء) لاڑکانہ عوامی اتحاد کے رہنماؤں نے بلدیاتی انتخابات کے عمل پر عدم اعتمادکااظہارکرتے ہوئے پیپلز پارٹی پر دھاندلی کا الزام لگایا گیا ہے۔ اس سلسلے میں گذشتہ دن عباسی ہاؤس میں لاڑکانہ عوامی اتحاد کا اجلاس ہوا جس میں پیپلز پارٹی ورکرز کے صدر ڈاکٹر صفدر عباسی، سابق ایم پی اے حاجی منور علی عباسی، اکبر شاہ راشدی سمیت دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کو لاڑکانہ میں پیپلز پارٹی زرداری کی جانب سے کی گئی دھاندلی کا نوٹس لے کر تفیصلی جائزہ لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حاجی منور علی عباسی پر جھوٹہ مقدمہ درج کیا گیا ہے جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے پولنگ ایجنٹوں کو دباؤ میں ڈال کر پولیس کی مدد سے سرعام پولنگ اسٹیشن کے اندر پولنگ عملے کی موجودگی میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو جتوانے کے لیے ٹھپے لگائے گئے۔

حاجی منور علی عباسی نے کہا کہ ہم نے بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کی منصوبہ بندی کا پہلے ہی کہا تھا جس پر ہمیں خدشات تھے۔ انہوں نے کہا الیکشن کے دن صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال، صوبائی وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو، ایم این ایز اور ایم پی ایز نے پولنگ اسٹیشنوں میں آکر ووٹرز کو ووٹ دینے کے لیے دباؤ ڈالا جبکہ منظم دھاندلی کرکے ہمارے امیدواروں کو ہرایا گیا جس می ہم مذمت کرتے ہیں۔