نان کسٹم اور نان پیڈ گاڑیوں کیخلاف کسٹم حکام کے حرکت میں آنے کے بعد ہزاروں گاڑیاں سڑکوں سے غائب

پیر 16 نومبر 2015 21:41

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 نومبر۔2015ء )نان کسٹم اور نان پیڈ گاڑیوں کے خلاف کسٹم حکام حرکت میں آنے کے بعد ہزاروں گاڑیاں سڑکوں سے غائب ۔ بتایا جاتا ہے کہ معزز عدالت کے احکامات کے بعد کسٹم حکام بھی حرکت میں آگئے ہیں اور وہ صوبائی دارالحکومت سمیت اندرونی بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بغیر اطلاع دیئے پہنچ گئے ہیں اور وہ لیویز و پولیس کی مدد سے غیر محسوسانہ اندازمیں نان کسٹم گاڑیوں کے خلاف کارروائی کاآغاز کرنے والے ہیں ۔

اس خطر ے کے پیش نظر نان کسٹم گاڑی مالکان نے اپنی گاڑیاں سڑکوں پر لانے سے گریزاں نظر آرہے ہیں ۔

(جاری ہے)

گزشتہ ایک دوروز سے خضدار قلات سوراب منگچربیلہ آواران ونواحی اضلاع میں نان کسٹم گاڑیاں بڑی تعداد میں روپوش نظرآئیں ۔مالکان عجیب کیفیت سے دوچار ہیں لاکھوں روپے ادا کرنے کی وجہ سے وہ اپنی گاڑیوں کے لئے فکر مند نظرآرہے ہیں ۔ میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مالکان کا کہنا تھا کہ حکومت کی پالیسی ہمیں سمجھ نہیں آرہی ہے اگر انہیں ان گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرنی تھی تو وہ بارڈر پر اس وقت کرتے جب ان گاڑیوں کو ملک میں منتقل کیا جارہا تھا ۔ اب ہم قانونی طریقے سے اپنی گاڑیوں کے ٹیکس جمع کرکے انہیں لیگل کسٹم کرنا چاہتے ہیں حکومت ہمیں راستہ فراہم کردیں ۔