محکمہ زراعت پنجاب کاشتکاروں کو زرعی آلات پر 50فی صد سبسڈی فراہم کرے گا

بدھ 18 نومبر 2015 13:59

راولپنڈی۔18نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 نومبر۔2015ء) محکمہ زراعت پنجاب نے مشینی کاشت کے فروغ کے لئے زرعی آلات / مشینری کی فراہمی کے پروگرام کا آغاز کر دیا ہے ۔پروگرام کے تحت درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 نومبر مقرر کی گئی ہے جبکہ قرعہ اندازی 24 دسمبراور مشینری و زرعی آلات کی فراہمی 20 جنوری 2016 سے شروع ہو گی۔ ترجمان کے مطابق اس پروگرام کے تحت50 فیصد سبسڈی پر اندرون ملک تیار شدہ زرعی آلات / مشینری فراہم کی جائے گی۔

جس سے مشینی کاشت کا فروغ اور زرعی پیداوار میں اضافہ ہو گا۔ زرعی مشینری میں ڈسک ہیرو، روٹا ویٹر، ربیع ڈرل، چیزل ہل اور شوگر کین رجر یونین کونسل کی سطح پر جبکہ شوگر کین ٹوکہ اور ہالوکون نوزلز گاؤں کی سطح پر دیئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ڈسک ہیرو، روٹا ویٹر، ربیع ڈرل اور چیزل ہل کا سیٹ پنجاب کی ہر یونین کونسل میں جبکہ شوگر کین رجر کماد کی کاشت کے اضلاع کی ہر منتخب یونین کونسل میں قرعہ اندازی کے ذریعے ایک منتخب کاشتکار کو دیا جائے گا۔

شوگر کین ٹوکہ کماد کی کاشت کے اضلاع کے ہر گاؤں میں دو عدد 50 فیصد رعایتی قیمت پر بذریعہ قرعہ اندازی مہیا کیے جائیں گے جبکہ ہالوکون نوزل کپاس کی کاشت کے اضلاع کے ہر گاؤں میں تین عدد اجتماع کاشتکاروں میں مفت تقسیم کی جائیں گی۔ اس کے لئے کاشتکاروں کو درخواست دینے کی ضرورت نہیں۔ ترجمان کے مطابق بڑی زرعی مشینری / آلات کے لئے کم از کم 6 ایکڑ تک قابل کاشت زرعی اراضی کے مالک مرد و خواتین کاشتکار درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔

درخواستوں کی جانچ پڑتال کے بعد قرعہ اندازی یونین کونسل کی سطح پر ہو گی۔ ہر خاندان سے صرف ایک فرد ہی درخواست دینے کا اہل ہو گا اور خاندان کی تعریف نادرا ریکارڈ کے مطابق ہو گی۔ درخواست دہندہ کا ایک عدد ذاتی ٹریکٹر کا مالک ہونا لازمی ہے۔ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، سینیٹر اور ان کے فیملی ممبرز، گریڈ 17 اور اوپر کے سرکاری ملازمین اور محکمہ مال اور محکمہ زراعت کے تمام ملازمین درخواست دینے کے اہل نہیں ہوں گے۔

مذکورہ مشینری حاصل کرنے کی صورت میں کامیاب ہونے والے امیدوار دو سال تک اس کو بیچنے یا ٹرانسفر نہ کرنے کا پابند ہو گا۔ کاشتکار درخواست فارم متعقلہ ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت (توسیع)، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت (توسیع) اور زراعت آفیسر (توسیع) کے دفاتر سے مفت حاصل کر سکتے ہیں۔ درخواست فارم کی فوٹو کاپی بھی قابل قبول ہو گی۔ کاشتکار ہر طرح سے مکمل تصدیق شدہ درخواستیں ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت (توسیع) کے دفتر میں دستی یا بذریعہ ڈاک جمع کرائیں۔درخواستوں کی جانچ پڑتال قائم کردہ کمیٹی کرے گی اور مکمل تحقیق کے بعد درخواستیں ضلع صدر مقام پر اکٹھی کی جائیں گی جہاں زرعی آلات کی الاٹمنٹ بذریعہ قرعہ اندازی ہو گی۔

متعلقہ عنوان :