جماعت اسلامی،پی ٹی آئی بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانا چاہتی ہیں، فاروق ستار

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 22 نومبر 2015 19:54

جماعت اسلامی،پی ٹی آئی بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانا چاہتی ہیں، فاروق ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22نومبر۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے دعویٰ کیا کہ کراچی میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے کی سازش ہیں ۔ ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پر خورشید میموریل ہال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ بلدیاتی الیکشن موخر کرانے کیلئے سیکورٹی اداروں کے اہلکاروں کو کالعدم طالبان کے کارندوں سے قتل کرایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2013 کے عام انتخابات میں بھی ہمارے دفاتر پر حملے کیے گئے لیکن ہم نے ہمت نہیں ہاری، ایسا لگتا ہے کہ ہمارے مخالفین یا تو الیکشن سے راہ فرار چاہتے ہیں یا پھر ان واقعات کا سہارا لے کر ہمیں الیکشن سے دستبردار کرواکر خود فائدہ اٹھائیں گے۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم رہنما نے دعویٰ کیا کہ جماعت اسلامی اور پاکستان تحریک انصاف الیکشن ملتوی کرانا چاہتی ہیں۔

فاروق ستار نے کہا کہ وہ عوام سے 'ڈور ٹو ڈور' رابطے میں ہیں جبکہ انہوں نے ڈسٹرکٹ سینٹرل میں 99 نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے کی امید کا بھی اظہار کیا۔ یاد رہے کہ میڈیا سے گفتگو میں دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے رینجرز پر چند روز قبل ہونے والے حملے کے بعد کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل کا موقف تھا کہ حملے کے بعد انتخابات کو کم از کم دس روز کے لیے موخر کردینا چاہیے۔

انہوں نے گزشتہ روز ایم کیوایم کے لانڈھی میں ہونے والے جلسے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہماری کارنر میٹنگز بھی جلسوں کی طرح ہورہی ہیں تاہم دو دنوں سے ہونے والی سرگرمیوں سے ہماری انتخابی سرگرمیاں متاثر ہورہی ہیں۔ فاروق ستار نے کہا کہ نومبر میں ہمارے ستتر کارکنوں کو گرفتار کیا گیا، ایم کیوایم کے کارکنوں کو لانڈھی اور کورنگی سے بڑی تعداد میں گرفتار کیا گیا۔

سندھ رینجرز کی جانب سے دو دنوں میں ہونے والی کارروائیوں سے انتخابی آزادی متاثر ہورہی ہے جبکہ کارروائیاں ایم کیو ایم کے لیے بننے والا ماحول خراب کررہی ہیں۔ خیال رہے کہ بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں کراچی ویسٹ، کراچی ایسٹ، کاراچی ساؤتھ، کراچی سینٹرل، کورنگی، ملیر اور حیدرآباد ڈویژن میں ووٹنگ ہونی ہے۔