مقامی سطح پر ہائی بریڈ بیجوں کی تیاری کا منصوبہ جلد شروع کیاجائے گا‘ پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان

ہفتہ 12 دسمبر 2015 20:55

لاہور۔12 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 دسمبر۔2015ء) انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹیکلچرل سائنسز اور شعبہ ایگرانومی کے ویجی ٹیبل ماہرین نے ٹماٹر اور بھنڈی کی 10ایسی اقسام کی نشاندہی کی ہے جو شدید گرمی میں بھی زیادہ پیداوار کی حامل ہونگی۔زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ماہرین نے مقامی سطح پر سبزیوں کے ہائی بریڈ بیجوں کی تیاری پر کام شروع کردیا ہے جس سے بیجوں کی درآمد پر اُٹھنے والے کثیرزرمبادلہ کو بچانے میں مدد ملے گی۔

یونیورسٹی کے نیو سینٹ ہال میں گذشتہ روز منعقدہ سیڈ پروڈکشن ورکشاپ کے افتتاحی سیشن سے مہمان خصوصی کے طو رپر اپنے خطاب میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ عمومی درجہ حرارت میں 1ڈگری سنٹی گریڈفرق سے پیداوار میں 17فیصد کمی واقع ہوتی ہے لہٰذا ضروری ہے کہ آبادی میں ہونیوالے اضافہ کے تناظر میں نہ صرف پیداوار کو برقرار رکھا جائے بلکہ شدید موسمی حالات میں اس میں اضافہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اے ایس ایل پی کے دو مراحل میں ترشاوہ پھلوں‘ آم ‘لائیوسٹاک اور سوشل سائنسز اور ویلیو چین میں یونیورسٹی کے سائنس دانوں پر قابل ستائش کام کیا ہے جبکہ اگلے مرحلے میں مقامی سطح پر سبزیوں کے بیجوں کی تیاری اور اس میں خواتین کی عملی شمولیت ایک اہم پیش رفت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین آج زندگی کے تمام شعبوں میں صلاحیت کی بنیاد پر اپنی جگہ بنا رہی ہیں اور بیجوں کی تیاری کے عمل میں ان کی شرکت یقیناان کی معاشی خوشحالی کا باعث ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کو بہترغذائیت اور نیوٹریشن کی حامل خوراک کی فراہمی میں اچھا بیج کلیدی اہمیت کا حامل ہے اور بیجوں کی مقامی سطح پر تیاری سے معیشت میں نئی توانائی پیدا ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی آف سڈنی کے ساتھ مشترکہ تحقیقی پراجیکٹ میں شدید گرم موسم کیلئے بھنڈی اور ٹماٹر کے بیج تیار کئے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ آسٹریلین سیکٹرلنکج پروگرام ۔

2 کے اگلے مرحلے میں ایگریکلچرویلیوچین کولیبریٹوریسرچ میں مقامی سطح پر ہائربریڈ بیجوں کی تیاری کا منصوبہ شروع کیاجائے گا جس سے مقامی سطح پر نئی ٹیکنالوجی متعارف کروانے کے ساتھ ساتھ خواتین کوسبزیاں اُگانے اور بیجوں کی تیاری کے عمل میں شامل کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹماٹر کے ہائی بریڈ بیجوں کی تیاری میں سرمایہ کاری کی جانی چاہئے کیونکہ 1لاکھ دس ہزار روپے میں ملنے والا ایک کلودرآمدی بیج مقامی بیج صرف 21ہزار روپے میں دستیاب ہوگا جس سے کثیر زرمبادلہ بچایا جا سکے گا۔