بھارت کا جنگی جنون سر چڑھ کربولنے لگا‘مودی سرکار کا روس سے 39 کھرب کے جدید ترین میزائل سسٹمز خریدنے کا فیصلہ

5 جدید میزائل سسٹمز میں سے 3 کو پاکستانی سرحدوں کے قریب نصب کیا جائے گا، بھارتی میڈیا

جمعہ 18 دسمبر 2015 20:48

بھارت کا جنگی جنون سر چڑھ کربولنے لگا‘مودی سرکار کا روس سے 39 کھرب کے ..

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 دسمبر۔2015ء ) بھارت کا جنگی جنون سر چڑھ کربولنے لگا، بھارت نے 39 کھرب روپے کے روسی ساختہ 5عدد ایس 400 ٹرمف ایئر میزائل ڈیفنس سسٹمز خریدنے کا فیصلہ کرلیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت نے روس سے 39 کھرب روپے کے جدید ترین میزائل سسٹمز خریدنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ روسی ساختہ یہ میزائل 400 کلومیٹر کی حد میں آنے والے طیارے، اسٹیلتھ ہوائی جہاز، میزائل اور ڈرون کو نشانہ بنا کر تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور ان ان نظاموں کی خریداری کے لیے روس اور بھارت کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔

بھارتی دفاعی مبصرین نے میزائل سسٹمز کے حصول کو ’’گیم چینجر‘‘ قرار دیا ہے جب کہ اس کے علاوہ بھارت بہت جلد فرانس سے رافیل لڑاکا طیاروں کی خریداری کا معاہدہ بھی کرے گا جس کے تحت 5 ارب ڈالر کے فرانسیسی طیارے خریدے جائیں گے۔

(جاری ہے)

روس کے ان جدید نظاموں کی باقاعدہ خریداری کے بعد ان کے حصول میں کئی برس لگ سکتے ہیں جن میں سے 3 نظاموں کو مغربی بھارتی سرحدوں ( پاکستان کے قریب) نصب کیا جائے گا جب کہ 2 مشرقی سمت ( چین) کے قریب لگائے جائیں گے۔

واضح رہے کہ چین نے بھی ایسے 6 سسٹمز خریدے ہیں جو 2017 میں چین پہنچنا شروع ہوجائیں گے جس پر 3 ارب ڈالر لاگت آئی ہے۔اس کے علاوہ بھارتی دفاعی کمیٹی نے اپنے ایئر ڈیفینس سسٹم کو مضبوط بنانے کے لیے اندھا دھند اسلحہ خریدنا شروع کردیا ہے جس کے لیے مزید 26 ہزار کروڑ کی رقم خرچ کی جائے گی جو میزائل سسٹم کے علاوہ ہے۔ اس میں 40 کلومیٹر رینج والے پناکا میزائل سسٹم بھی شامل ہیں تاہم مودی سرکار نے ایس 400 سسٹمز کو سب سے زیادہ اہمیت دی ہے۔ بھارت نے اس سے قبل روس سے ایک ارب ڈالر کا معاہدہ بھی کیا ہے جس کے تحت کیمو کے اے 266 ٹی ہیلی کاپٹر اپنے ملک میں تیار کرے گا جو ’’میک ان انڈیا‘‘ پالیسی کے تحت تیار کیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :