صوبائی وزیر کا شاہدرہ جنگل اور فارسٹ کالونی کا دورہ

شاہدرہ جنگل کرول میں50 ایکڑ رقبے پر شجر کاری کی جائے گی ‘ملک محمد آصف بھا

پیر 1 فروری 2016 22:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم فروری۔2016ء ) صوبائی وزیر جنگلات ،جنگلی حیات وماہی پروری ملک محمد آصف بھا اعوان نے کہاہے کہ لاہور میں شاہدرہ جنگل کرول کے 600 ایکڑ رقبہ پر شجر کاری کی جاچکی ہے ،شجرکاری میں30 اقسام کے جنگلی اور زیبائشی پوداجات لگائے گئے ہیں - رواں سال کے آخر تک مزید 50 ایکڑ رقبہ پر شجرکاری کی جائے گی اور اس جنگل کو ایک مکمل تفریحی پارک کی شکل دے دی جائے گی ،پودوں کی آبیاری کے لئے پندرہ ٹیوب ویل لگائے گئے ہیں جو پوری طرح فعال ہیں - انہوں نے یہ بات یہاں شاہدرہ جنگل اور فارسٹ کالونی راوی روڈ کے دورہ کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی - اس موقع پر چیف کنزرویٹر رانا شبیر احمد،کنزرویٹر لاہور سرکل مہر محمد یوسف اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے - صوبائی وزیر نے کہاکہ شجر کاری کے دوران تفریحی پارک کی طرز پر بنائی گئی سڑکوں کے اطراف میں زیبائشی پودے لگائے گئے ہیں - انہو ں نے کہاکہ سیر کے شوقین افراد کی سہولت کے پیش نظر چار کلو میٹر طویل جا گنگ ٹریک بھی بنایاگیاہے جبکہ آبپاشی اور دیگر ْضروریات کو پورا کرنے کے لئے پندرہ ٹیوب ویل بھی نصب کئے گئے ہیں - انہو ں نے کہاکہ اردگرد کی آبادی کی گذرگاہوں اور جانوروں سے شجر کاری کو محفوظ رکھنے کیلئے خار دار تارلگائی جارہی ہے - انہو ں نے کہاکہ کرول جنگل میں موجود سپورٹس سٹیڈیم کی دیکھ بھال کیلئے ضلعی حکومت کو ہدایات جاری کی جاچکی ہیں - صوبائی وزیر نے فارسٹ کالونی راوی روڈ کا دورہ بھی کیا اور کالونی میں غیر قانونی رہائش پذیر ملازمین کی فہرست تیار کرکے ان سے رہائش گاہیں واگذار کروانے کی بھی ہدایت کی - انہو ں نے کالونی میں رہائش پذیر سرکاری ملازمین کو مزید سہولیات کی فراہمی اور رہائش گاہیں محکمہ کی الاٹمنٹ پالیسی کے مطابق الاٹ کرنے کی ہدایت کی -

متعلقہ عنوان :