ٹیوٹا اور برطانوی ادارے اے بی ای کا تعاون عالمی سطح کی حامل ووکیشنل تعلیم وتربیت کے فروغ کیلئے فائدہ مند ہوگا‘ عرفان قیصر شیخ

جمعہ 26 فروری 2016 14:32

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 فروری۔2016ء) ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) برطانوی ادارے دی ایسوسی ایشن آف بزنس ایگزیکٹیوز (اے بی ای) کے تعاون سے صوبہ پنجاب میں جدید مہارت کے دائرہ کار کے پھیلاؤ خصوصابزنس ایڈمنسٹریشن اینڈ مینجمنٹ کے فروغ کیلئے مشترکہ کاوشیں کرے گی۔یہ تعاون عالمی سطح کی حامل ووکیشنل تعلیم وتربیت کے فروغ کیلئے فائدہ مند ہوگا۔

ان خیا لات کا اظہار چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے چیف ایگزیکٹیو آفیسر دی ایسوسی ایشن آف بزنس ایگزیکٹیوز (اے بی ای) گیرتھ رابنسن کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی ، ریجنل ڈائریکٹر ابے بی ای عثمان اکرم اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ اس سلسلے میں دونوں اداروں کے مابین وزیر اعلی پنجاب کی موجودگی میں باقاعدہ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے جا چکے ہیں تاکہ مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ٹیوٹا اداروں کے مطلوبہ نصاب کو ڈیزائن کیا جائے۔

نیا ڈیزائن کردہ نصاب طلباء کوعالمی معیار کے پریکٹیکل تجربہ کے مطابق فائدہ مند ہوگا۔برطانوی ادارہ تمام پروگراموں کو اپنے جدید تجربہ کے مطابق مطلوبہ نتائج کے حصول کیلئے یقینی بنائے گا۔چیئرپرسن ٹیوٹا نے مزید کہا کہ تدریسی طریقہ کارکو کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تیار کیا جائے گا۔اس اشتراک سے ٹیوٹا اداروں کے طالبعلم اپنا کورس پاس کرنے کے بعد برطانوی ادارے دی ایسوسی ایشن آف بزنس ایگزیکٹیوز (اے بی ای) کا سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے۔ٹیوٹا ٹریننگ پروگرام کے مطابق اساتذہ کی قابلیت کو بڑھانے کیلئے اقدامات کو بھی یقینی بنائے گی۔