صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خان کا میٹرک کے امتحانی سنٹرز کادورہ

منگل 8 مارچ 2016 15:01

فیصل آباد۔8 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 مارچ۔2016ء ) صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خان نے منگل کے روز فیصل آبادکے مختلف گرلز و بوائز کالجز وسکولز میں قائم میٹرک کے امتحانی سنٹرز کادورہ کیا جہاں انہوں نے امتحانات کے شفاف انعقاد کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان فیصل آباد آمد کے بعد گورنمنٹ اسلامیہ کالج برائے خواتین عید گاہ روڈ فیصل آباد گئے جہاں انہوں نے میٹرک کے امتحانی مرکز کا معائنہ کیا ۔

صوبائی وزیر نے امتحان دینے والی طالبات سے بات چیت کی اور مختلف امور کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے بتایاکہ حکومت خواتین کو ہر شعبہ ہائے زندگی میں بھرپور حصہ فراہم کررہی ہے جبکہ ملازمتوں میں بھی ان کا کوٹہ مختص کردیاگیا ہے۔

(جاری ہے)

حکومت خواتین کے تعلیمی اداروں میں کنٹینز پربھی خواتین پرمشتمل سٹاف تعینات کررہی ہے جبکہ خواتین کیلئے دفاتر کے نزدیک ڈے کیئر سنٹرز بھی قائم کئے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ پیف کی جانب سے طالبات میں اربوں روپے کے تعلیمی وظائف تقسیم کئے جارہے ہیں اور اب تک ایک لاکھ 40ہزار سے زیادہ خواتین کو فنی تربیت فراہم کی جاچکی ہے۔ قانونی ترامیم کے باعث 3ہزار ٹریڈ یونینز میں 45ہزار خواتین کی شمولیت یقینی بنائی گئی ہے ۔ خواتین بالخصوص ملازمت پیشہ خواتین اور طالبات کو سفری سہولیات کی بہم رسانی کیلئے بڑی تعداد میں آسان شرائط پر سکوٹیز فراہم کرنے کاسلسلہ بھی شروع کردیا گیاہے نیز 12اضلاع میں 16ورکنگ وومن ہوسٹلز قائم کردیئے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ جائے ملازمت پر خواتین کو حراساں کرنے کے خلاف تحفظ کا قانون نافذ کیاجاچکاہے جس کے باعث اب کسی جگہ پر کسی خاتون کو کسی بھی انداز میں حراسان کرنے والے کو ایک لاکھ روپے تک جرمانہ اور قید کی سزا بھی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے بعد ازاں گورنمنٹ ایم سی بوائز ہائی سکول کوتوالی روڈ فیصل آباد کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے امتحانی مرکز کی چیکنگ کے علاوہ کلاس رومز اور لائبریری کی صورتحال بھی دیکھی ۔

انہوں نے کلاس رومز اور لائبریری میں موجود طلباء سے مختلف امور پر بات چیت کی اور آئی ٹی کے فروغ سمیت ٹیچرز کی کمی پوری کرنے کی بھی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے بتایاکہ ہر سال 40ہزار ٹیچرز کی بھرتی کی جارہی ہے تاکہ اساتذہ کی کمی کو دور کیاجاسکے ۔ انہوں نے لائبریری کیلئے کتب کی فراہمی سمیت دیگر عدم دستیاب سہولیات کی بہم رسانی کا بھی اعلان کیا۔اس موقع پر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد کے چیئرمین مہر غلام محمد جھگڑ، ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن فیصل آباد اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ انہوں نے صوبائی وزیر کو بتایاکہ تمام امتحانی سنٹروں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔