نئی نسل کو بہتر تعلیمی مواقع فراہم کرنا ہوں گے ،حکومت شعبہ تعلیم میں بھی ناکام رہی‘عبدالعلیم خان

دی نیشنل سکول میں اوپن ہاؤس کا انعقاد ،طلبا ء و طالبات اور والدین کی بڑی تعداد میں شرکت

اتوار 3 اپریل 2016 17:52

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 اپریل۔2016ء) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ وطن عزیز کو صحیح معنوں میں ترقی یافتہ بنانے کیلئے نئی نسل کو بہتر سے بہتر تعلیمی مواقع فراہم کرنا ہوں گے بدقسمتی سے ہم 68برسوں کے بعد بھی پاکستان کو یکساں تعلیمی نظام دینے سے قاصر ہیں اور ہر حکومت ایڈہاک پالیسیوں کے ذریعے صرف وقت گزارتی ہے اسی طرح موجودہ حکومت بھی دیگر شعبوں کی طرح ایجوکیشن سیکٹر میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے جس کا خمیازہ طلبا و طالبات کو بھگتنا ہو گا ۔

وہ یہاں دی نیشنل سکول برکی روڈ کیمپس میں منعقدہ اوپن ہاؤس کے موقع پر خطاب کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف پبلک سیکٹر کا تعلیمی نظام اربوں روپے کی فنڈنگ کے باوجود تنزلی کا شکار ہے تو دوسری طرف بیوروکریسی نے سرکاری سکولوں کو کرپشن کی آماجگاہ بنا رکھا ہے حکومت کی طرف سے سینکڑوں تعلیمی اداروں کو نجی شعبے کے حوالے کرنا ناکامی کا کھلا اعتراف ہے ۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے پرائیویٹ سیکٹر کی تعلیم کے شعبے کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دی نیشنل سکول میں ہونے والی ہم نصابی سرگرمیوں کو سراہا اور اوپن ہاؤس میں خصوصی طور پر طلبا ء طالبات کے ساتھ شرکت کی ۔ادارے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کرنل مسعود الحق نے بتایا کہ دی نیشنل سکول کے سٹوڈنٹس نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں اور اس سکول کا سالانہ رزلٹ ہمیشہ سو فیصد رہتا ہے اس موقع پر عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کے ادارے اپنا گھر کی طالبات نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :