زرعی مداخل کی قیمتوں میں کمی وقت کی اشد ضرورت ہے، ڈاکٹر فرخ

ہفتہ 9 اپریل 2016 15:19

راولپنڈی۔09 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 اپریل۔2016ء)وزیر زراعت پنجاب ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا ہے کہ کسانوں کو عالمی منڈیوں میں زرعی اجناس کی گرتی قیمتوں کے اثرات سے بچانے کے لیے زرعی مداخل کی قیمتوں میں کمی وقت کی اشد ضرورت ہے، عالمی منڈیوں میں اپنا مقام بنانے کیلئے ہمیں اپنی زراعت کو تیزی سے رونما ہونے والی موسمی تبدیلیوں کے مطابق ڈھالنا ہو گا،کاشتکاروں کی پیداواری لاگت کو کم کر نا بنیادی مقصد ہے ،کسان پیکج کی شفاف تقسیم کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ کاشتکاروں کی حالت بہتر بناکر ہی زراعت کو ترقی دی جاسکتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ کسانوں کیلئے 22ارب روپے کی سبسڈی سے 10.35پیسے فلیٹ ریٹ پر بجلی فراہم کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر زراعت نے بتایا کہ اس سے پہلے بھی وفاقی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ 341ارب روپے کے تاریخی کسان پیکج کی پنجاب میں جلد از جلد میرٹ کی بنیاد پر تقسیم کو یقینی بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چاول اور کپاس کے کاشتکار کو شدید نقصان سے بچانے کیلئے پانچ پانچ ہزار روپے فی ایکٹر تقسیم کیا گیا تاکہ کسان اگلی فصل بو سکے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت حکومت کی تمام تر توجہ زراعت پر ہے ۔انہوں نے کہا کہ زرعی مداخل کی قیمتوں میں کمی وقت کی اشد ضرورت ہے تاکہ کسان کو عالمی منڈیوں میں زرعی اجناس کی گرتی قیمتوں کے اثرات سے بچایا جا سکے۔