ایف ایف سی گیس کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ کسانوں تک پہنچانے کیلئے پر عزم

جمعرات 5 مئی 2016 17:03

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 مئی۔2016ء) فوجی فرٹیلائزر کمپنی جو کہ پاکستان کی ایک بڑی کھاد بنانے والی کمپنی ہے، نے حکومت کی جانب سے کھاد کی تیاری میں استعمال ہونے والی فیڈ گیس کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ کسانوں تک کم سے کم وقت میں پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔اس امر کو یقینی بنانے کیلئے ایف ایف سی کے سی ای اینڈ ایم ڈی لیفٹیننٹ جنرل(ر) شفقات احمد نے پنجاب ، خیبر پختونخواہ اور آزاد کشمیر کے دور دراز علاقوں میں ایف ایف سی کی فیلڈ فورس کا دورہ کیا۔

انہوں نے زور دیا کہ اس مشکل گھڑی میں ایف ایف سی فیلڈ فورس کو اہم کردار ادا کرنا پڑے گا۔”ملکی زرعی معیشیت کو بہتر بنانے کیلئے کسان ، حکومت اور کھاد کی صنعت ایک صفحہ پر ہیں۔ فوجی فرٹیلائزر کو فخر ہے کہ ہمیشہ کی طرح وہ آج بھی پاکستان کیلئے بے لوث خدمت میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے“۔

(جاری ہے)

لیفٹیننٹ جنرل(ر) شفقات احمد نے مزید کہا کہ ایف ایف سی فیلڈ فورس اس بات کو یقینی بنائیں کہ گیس کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ کسانوں تک جلد از جلد پہنچایا جائے۔

اسکے علاوہ فیلڈ فورس کسان بھائیوں کو زرعی مشورہ اور ریسرچ کے ذریعے ہر ممکن مدد کریں تاکہ وہ خریف کی فصل کو مزید بہتر بنا سکیں۔ انہوں نے ایف ایف سی کے ڈیلر نیٹ ورک کو بھی تاکید کی کہ حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اس عظیم مقصد میں اپنا کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :