موٹر وے پر قائم پولیس پوائنٹس پر تعینات اہلکاروں کی کارکردگی اور انہیں فراہم کی جانیوالی مشینری کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس

جمعرات 12 مئی 2016 23:05

لاہور۔12 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 مئی۔2016ء ) موٹر وے پر پنجاب پولیس کی طرف سے داخلی اور خارجی راستوں پرقائم کیے گئے 26پولیس پوائنٹس پر تعینات اہلکاروں کی کارکردگی ، ان پوائنٹس پر بنائے جانیوالے کیبنز اور ان کیلئے فراہم کی جانے والی مشینری و دیگر آلات کا جائزہ لینے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سنٹرل پولیس آفس لاہور میں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب مشتاق احمدسکھیرا کی سربراہی میں منعقد ہوا ۔

اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ، کیپٹن (ر) عثمان خٹک، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز/انوسٹی گیشن پنجاب، کیپٹن (ر) عارف نواز، ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ پنجاب، ڈاکٹر عارف مشتاق،ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی، امجد جاوید سلیمی، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ I-، اظہر حمید کھوکھر، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز، بی اے ناصر،ڈی آئی جی آئی ٹی، شاہد حنیف، ڈی آئی جی ایس پی یو، آغا یوسف، اے آئی جی ڈویلپمنٹ، کامران خان، اے آئی جی لیگل، کامران عادل اور اے آئی جی مانیٹرنگ، وقاص الحسن کے علاوہ سی پی او کے دیگر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ان 26پوائنٹس میں سے اٹک میں 3، راولپنڈی 3، جہلم 1، چکوال 2، سرگودھا 4، حافظ آباد 2، شیخوپورہ 6، فیصل آباد 3اور لاہورمیں2پوائنٹس شامل ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی، امجد جاوید سلیمی نے ان پوائنٹس پر فراہم کیے جانیوالے آلات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ان پوائنٹس پر 77سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں جبکہ 25کمپیوٹر بمعہ ڈی وی آر، 20اینڈرائیڈ فونز، 58سرچ لائٹس، 27وائرلیس سیٹ ، 25یو پی ایس اور Explosive Detectorفراہم کر دئیے گئے ہیں جبکہ ان پوائنٹس پر تعینات اہلکاروں کو ایس او پی کے مطابق ضروری اسلحہ اور ہتھیار کی فراہمی کے ساتھ ساتھ 127بلٹ پروف جیکٹس اور 43چمکدار جیکٹس بھی فراہم کر دی گئی ہیں۔

آئی جی پنجاب کو مزید بتایا گیا کہ ان پوائنٹس پر 484اہلکار سیکیورٹی کے فرائض ادا کر رہے ہیں جن میں 2انسپکٹر، 7سب انسپکٹر، 36اے ایس آئیز، 71ہیڈ کانسٹیبلز اور368کانسٹیبلز شامل ہیں۔ ان تمام پوائنٹس پر کام کرنیوالے اہلکاروں اور مشینری کی روزانہ کی بنیادوں پر براہِ راست مانیٹرنگ PHPجبکہ انتظامی معاملات براہ ِ راست متعلقہ ڈی پی او دیکھتے ہیں۔ اس موقع پر ان کی کارکردگی کے بارے میں آئی جی پنجاب کو بتایا گیا کہ گزشتہ ایک ماہ میں ان پوائنٹس پر تعینات اہلکاروں نے مجموعی طور 14ہزار 75گاڑیوں کو سرچ کیا جن میں موٹروے پر داخل ہونیوالے 6ہزار 8سو 53جبکہ موٹروے سے آؤٹ ہونیوالی 7ہزار 2سو 22گاڑیوں کو چیک کیا۔

متعلقہ عنوان :