بھارتی سکیورٹی فورسز نے غلطی سے سرحد پار کر نے والے دماغی طورپر بیمار پاکستانی نو جوان کی لاش بھارت میں ہی دفنا دی

بھارت انتظامیہ نے پاکستانی انتظامیہ سے تعاون سے انکار کیا ٗ………… والد ٗلاش کے بجائے تصویر بھیجی گئی ٗحکام

پیر 16 مئی 2016 18:31

بھارتی سکیورٹی فورسز نے غلطی سے سرحد پار کر نے والے دماغی طورپر بیمار ..

مٹھی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 مئی۔2016ء) بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورسز (بی ایس ایف) نے غلطی سے سرحد پار کر جانے والے دماغی طور پر بیمار پاکستانی نوجوان کی لاش پاکستان کے حوالے کرنے کے بجائے بھارت میں ہی دفنا دی۔تھرپارکر کے تحصیل ڈیپلو کے گاؤں چھائی چھاپرو کے قریب سے لاپتہ ہونے والے ڈوڈو بھیل کے اہلخانہ کے مطابق وہ گزشتہ ہفتے لاپتہ ہوگیا تھاجس کے بعد اس کے خاندان اور پاکستان رینجرز کا خیال تھا کہ وہ بھوک اور پیاس سے جاں بحق ہوگیا۔

(جاری ہے)

ڈوڈو بھیل کے والد ڈونگرو بھیل کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستانی بارڈر فورسز کو، ڈوڈو کی لاش واپس کرنے کیلئے بھارتی انتظامیہ سے رابطہ کرنے کی درخواست کی، بھارتی بی ایس ایف نے تعاون سے انکار کردیا۔ ڈونگرو بھیل نے اپنے بیٹے کی لاش کو اس کے کپڑوں سے پہچانا۔پاکستانی رینجرز کے عہدیدار کے مطابق بھارتی فورسز نے ڈوڈو کی لاش واپس کرنے کے بجائے اس کی تصویر بھیجی تاہم تصویر دھندلی ہونے کی وجہ سے ڈوڈو کے والدین اس کی شناخت نہیں کرسکے۔ڈوڈو کے اہلخانہ کا کہنا تھا کہ بھارتی بی ایس ایف نے لاش واپس کرنے کی درخواست کو یہ کہہ کر رد کردیا کہ گرمی کے باعث لاش خراب ہونا شروع ہوگئی تھی۔

متعلقہ عنوان :