ضلع فیصل آباد میں سیکورٹی ہائی الرٹ، سرچ آپریشن جاری، 60سے زائد مشکوک افراد حراست میں لے لئے گئے

پیر 16 مئی 2016 23:02

فیصل آباد مئی 16 (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 مئی۔2016ء) : ضلع فیصل آباد میں سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ۔ضلع بھر کے مختلف حصوں میں سرچ آپریشن جاری 60سے زائد مشکوک افراد حراست میں لئے گئے۔ترجمان فیصل آباد پولیس کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کے تحت سی پی او فیصل آباد افضال احمد کوثرکے حکم پر فیصل آباد میں مختلف تفریحی مقامات، عوامی مقامات اور پارکس کی سیکورٹی پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ۔

شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سیکورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ۔سی پی او فیصل آباد نے تمام ٹاؤن ایس پیز کوہدایت کی کہ اپنے اپنے علاقہ میں اپنی سربراہی میں سرچ آپریشن کروائیں۔جس پرضلع بھر کے تمام ایس ایچ اوزنے ایلیٹ فورس کے ہمراہ فیصل آبا دشہر کے 05 اہم مختلف مقامات پر سرچ آپریشن کیا ، دوران سرچ آپریشن شہر کے مختلف حصوں سے246افراد سے انٹیروگیشن کی گئی ان میں سے 186افراد کی بذریعہ بائیو میٹرک ویریفکیشن بھی کی گئی جن میں 60افراد کو زیر حراست لے لیا گیا ۔

(جاری ہے)

ملزمان کے قبضہ سے تقریباً تین کلوگرام چرس اور اسلحہ ناجائز ایک پسٹل ، ایک بندوق بھی برآمد ہوئی، سرچ آپریشن کے دوران کرایہ داران، ہوٹلز اور ہوسٹلز میں موجود افراد کو بھی چیک کیا گیا جوکہ مختلف شہروں سے آکر عارضی طور پر یہاں رہائش پذیر تھے ۔ ترجمان نے بتایاکہ مذکورہ اقدامات کسی بھی تخریبی یا دہشت گردی کی کاروائی سے بچنے کیلئے کیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :