توانائی بحران کا خاتمہ موجودہ حکومت کا تاریخی کارنامہ ہے،رانا اخلاق احمد

پیر 16 مئی 2016 23:02

فیصل آباد ر۔16 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 مئی۔2016ء ) آل پاکستان کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن کے چیئر مین رانا اخلاق احمد نے کہا ہے کہ توانائی بحران کا خاتمہ موجودہ حکومت کا تاریخی کارنامہ ہے جس کے ذریعے نہ صرف اندرون ملک بے روزگاری پر قابو پانے میں مدد ملے گی بلکہ قومی برآمدات کو بھی کئی گنا بڑھایا جا سکے گا۔انہوں نے یہ بات ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

سینئر وائس چیئر مین محمد اجمل قصوری،وائس چیئر ین اعجاز ناگرہ،رانا اظہر وقار،اکرم غوری،خالد محمود چیمہ و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے گزشتہ دہائیوں میں توانائی بحران نے پورے ملک کی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔

(جاری ہے)

بجلی کی لوڈشیڈنگ اور سال بھر میں صرف چند دنوں کیلئے پنجاب کی صنعتوں کو گیس کی فراہمی کی وجہ سے کئی برآمدی ادارے بند اور بہت سے بیمار ہو گئے تھے۔

اس طرح تین شفٹوں میں چلنے والے ادارے توانائی بحران کی وجہ سے مجبوراً ایک شفٹ تک محدود ہو چکے تھے۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ تر ادارے صرف 40 فیصد پیداواری استعداد کار پر چل رہے تھے جس کی وجہ سے جہاں بے روزگاری میں اضافہ ہوا۔ وہاں قومی پیداوار اور برآمدات پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی بہترین حکمت عملی سے بڑی صنعتوں کیلئے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا مکمل طور پر خاتمہ کر دیا گیا ہے ۔ اس طرح اب حکومتی کوششوں سے صنعتوں کو ان کی ضروریات کے مطابق گیس دستیاب ہے جبکہ ایل این جی کی درآمد کے بعد گیس کے نئے کنکشنوں پر عائد پابندی بھی اٹھا لی گئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :