اوپن یونیورسٹی نے سمسٹربہار2016ء کے پروگرامز میں داخلہ لینے والے طلباء و طالبات کے کوائف اپنی ویب سائٹ پر فراہم کردئیے

منگل 14 جون 2016 15:38

اسلام آباد 14۔جولائی( اے پی پی) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سمسٹربہار2016ء میں پیش کئے گئے میٹرک سے پوسٹ گریجویٹ سطح تک کے مختلف پروگرامز میں داخل شدہ تمام طلباء و طالبات کے کوائف اپنی ویب سائٹ www.aiou.edu.pkپر فراہم کردئیے ہیں اور اعتراض شدہ داخلہ فارموں کی اطلا ع تمام طلباء و طالبات کو بذریعہ رجسٹرڈ ڈاک ارسال کردی گئی ہے " یہ اعلان علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے شعبہ داخلہ کے ڈائریکٹر سید ضیاء الحسنین نے کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اگر کسی کو اعتراض نامہ ابھی تک نہیں ملا ہو تو وہ بھی یونیورسٹی کی ویب سائٹ سے چیک کرکے اپنے داخلہ کے بارے میں اعتراض دور کرسکتے ہیں۔ ڈائریکٹر شعبہ داخلہ نے ان طلباء و طالبات کو جن کے کوائف یونیورسٹی کی ویب سائٹ کے ایڈمیشن کنفرمیشن یا ابجیکشن ایریا پر موجود نہیں ہیں ‘ ہدایت کی ہے کہ پہلے سے داخل طلباء و طالبات یونیورسٹی کی ویب سائٹ سے کنٹینیو ایڈمشن فارم ڈاؤن لوڈ کرکے مکمل کریں اور رسید نمبر 4کی فوٹو کاپی لف کرکے شعبہ داخلہ کو ارسال کریں اور سمسٹربہار 2016ء کے لئے نئے داخلے کے امیدوار یونیورسٹی کی ویب سائٹ سے ڈوپلیکیٹ داخلہ فارم ڈاؤن لوڈ کرکے مکمل کریں اور تصدیق شدہ تمام کاغذات مع ایک عدد تصویر اور رسید نمبر 4کی فوٹو کاپی لف کرکے شعبہ داخلہ کو ارسال کریں۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر شعبہ داخلہ نے کہا ہے کہ تمام درخواستیں 20۔جون 2016ء تک شعبہ داخلہ میں موصول ہوجانی چاہئیں بصورت دیگر سمسٹربہار2016ء میں ان کا داخلہ ممکن نہ ہو سکے گا۔انھوں نے کہا ہے کہ داخلوں کے ایسے تمام امور پر عمل درآمد صرف شعبہ اکاؤنٹس سے فیس کی تصدیق کے بعد ہی ممکن ہوگا۔ ڈائریکٹر شعبہ داخلہ نے کہا ہے کہ 20۔جون2016ء کی مقررہ تاریخ کے بعد وصول ہونے والے فارم پر کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جائے گی اور نہ ہی کوئی عذر قبول کیا جائے گا۔

طلبہ و طالبات اپنے داخلوں کے بارے میں مزید معلومات کے لئے میٹرک سیکشن )فون نمبر 051-9057431 ( ‘ ایف اے (051-9057432) ‘ بیچلرپروگرامز (051-9057435) ‘ پی ٹی سی ‘ سی ٹی (051-9057421)‘ بی ایڈ (051-9057760)‘ پوسٹ گریجویٹ (051-9057422, 05109057425)اور انفارمیشن یونٹ کے فون نمبر 051-9057151پر رابطہ کرسکتے ہیں۔یونیورسٹی کے سمسٹر بہار 2016ء کے داخلوں میں 6۔لاکھ 90۔ہزار نئے طلبہ یونیورسٹی کے تعلیمی نیٹ میں داخل ہوگئے ہیں جو یونیورسٹی کی تاریخ میں ریکارڈ اضافہ ہے۔

گذشتہ 18۔ماہ سے یونیورسٹی کی مجموعی ترقی کے لئے خاطر خواہ اقدامات کئے گئے ہیں اور سٹوڈنٹ سپورٹ نظام کو مضبوط کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ اسی طرح داخلوں ‘ امتحانات اور ترسیل کتب نظام میں نمایاں بہتری لائی گئی ہے اور طلبہ کو آٹومیشن نظام کے تحت گھر کے دروازے پر تمام سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں ‘ یہی وجہ ہے کہ طلبہ کے یونیورسٹی پر اعتماد میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے داخلوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

متعلقہ عنوان :