حضرت امام حسنؓ نے اقتدارکو ٹھکرا کر اسلام کا علم بلند کیا، علامہ نثار قلندری

بدھ 22 جون 2016 22:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 جون ۔2016ء)مجلس ذاکرین امامیہ پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر میں نواسہ رسولؐ حضرت امام حسن ؑ کا یوم ولات باسعادت نہایت عقیدت و احترام سے منایا گیا، کرا چی میں مرکز عابدیہ میں امام حسن ؑ کانفر نس سے معروف عالم دین علامہ نثار احمد قلندری، مولانا یعقوب منتظری، علامہ کامران حیدر عابدی، مولانا جعفر رضا نقوی، پروفیسر علی امام رضوی، ڈاکٹر جواد حیدر زیدی، آغا سبط حیدر موسوی، مولانا نسیم حیدر، وجہیہ الحسن عا بدی و دیگر علماء کرام تے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواسہ رسولؐ حضرت امام حسنؑ ابن علی ابن ابی طالبؑ نے اقتدار کو ٹھکرا کر اسلام کا علم بلند کیا لیکن بڑے افسوس کا مقام ہے کہ حکومت اور میڈیا بانی اسلام کے نواسے کا تزکرہ نہیں کررہا،انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسنؑ کی سیرت واضح ہے کہ انہوں نے اقتدار کے بجائے دین کے قیام کو فوقیت دی اور اقتدار کو جوتیوں کی نوک پر مارا، یہ وہ انداز تھا جو انداز حضرت علی ؑ کا تھا کہ اگر عدل قائم کرنا ہو تو اقتدار کی حیثیت ٹوٹی ہوئی جوتی کے برابر ہے، اقتدار کی شرط کے لئے صلح حسنؑ کا مطالعہ ضروری ہے،ہمیں چاہیئے کہ ہم حضرت امام حسنؑ کی زندگی کو مشعل راہ بنائیں، علامہ نثار احمد قلندری نے مزید کہا کہ اگر ہم حضرت امام حسنؑ کے بتائے ہوئے اصول پر چلیں تو ملک دشمن سازشوں کو ناکام بنا سکیں گے اور ملک کو در پیش مسائل بڑھتی ہوئی مہنگائی لاقانونیت پر بھی قابو پایا جا سکتا ہے اور ملک تیزی سے ترقی و وشحالی کی طرف گامزن ہوگا اور دنیا میں پاکستان کا نام روشن ہوگا۔